Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 مارچ 2018 04:11pm

علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں پاکستان کا سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے معروف بزنس مین جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں پاکستان کا سفیر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں موجود پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے قریب ہے جس کے بعد یہ عہدہ خالی ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے جہانگیر صدیقی کے بیٹے علی جہانگیر صدیقی کو امریکا میں پاکستان کا سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اس ضمن میں منظوری بھی دے دی تاہم اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: علی صدیقی وزیر اعظم کے معاون خصوصی مقرر

خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی اگست 2017 سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے معاون خصوصی مقرر کیا گیا تھا، تاہم اس وقت سے اب تک انہیں کوئی قلمدان نہیں دیا گیا تھا۔

اس سے قبل علی جہانگیر صدیقی ایئربلیو کے ڈائریکٹر بھی رہے جو شاہد خاقان عباسی کے خاندان کی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔

جے ایس بینک لمیٹڈ اور جے ایس پرائیویٹ اِکویٹی منیجمنٹ کے چیئرمین علی جے صدیقی معروف کاروباری شخصیت جہانگیر صدیقی کے بیٹے ہیں، جبکہ 2016 کے پاناما پیپرز میں علی جے صدیقی کا نام بھی شامل تھا۔

یاد رہے کہ اعزاز احمد چوہدری کو گزشتہ برس 15 فروری کو امریکا میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا تھا۔

Read Comments