جاوید میاں داد کا چھکا، عامر خان کی سالگرہ اور شادی
بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ہر سال 14 مارچ کو اپنی سالگرہ مناتے ہیں اور رواں برس وہ 53 برس کے ہوگئے۔
عامر خان بولی وڈ کے ان اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں جن کا نام ہی فلم کی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔
1965 میں پیدا ہونے والے عامر خان نے کیریئر کا آغاز اگرچہ بطور چائلڈ اسٹار 1973 میں اپنے چچا ناصر حسین کی فلم ’یادوں کی بارات‘ سے کیا اور مسلسل 2 فلموں میں چائلڈ اسٹار کے طور پر نظر آئے۔
چائلڈ اسٹار کے بعد انہوں نے فلم سازی میں قدم رکھا اور انتہائی کم عمری میں ہی فلم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر بن گئے۔
16 سال کی عمر میں زمانہ طالب علمی میں انہوں نے فلم ساز باسو بھتاچاریہ کے بیٹے ادیتیا بھتاچاریہ کے ساتھ فلم ’پیرونوئیا‘ کی ہدایات دینے سمیت ان میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔
زمانہ طالب علمی کے دوران ہی عامر خان نے تھیٹر میں کام کرنا شروع کیا، جب کہ فلم اینڈ ٹیلی وژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) میں دوران تعلیم انہوں نے بطور اداکار پہلی فلم ’ہولی‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
48 سالہ فلمی کیریئر میں 50 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے مسٹر پرفیکشنسٹ نے متعدد فلموں کو پروڈیوس کرنے سمیت ان کی ہدایات بھی دیں۔
اگرچہ ابتدائی کیریئر میں وہ عام بولی وڈ ہیروز کی طرح ہی رہے، تاہم 1990 کے بعد ان کی اداکاری اور فلم سازی میں فرق آنا شروع ہوا اور سال 2000 کے بعد وہ ایک نئے اور ایسے اداکار کے طور پر سامنے آئے، جن کا نام ہی فلم کی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے۔
2001 میں ان کی فلم ’لگان‘ نے انہیں فلمی دنیا میں ایک نیا مقام بخشا، یہ وہی فلم ہے جس کے اسکرپٹ کو انہوں نے کم سے کم 6 بار مسترد کیا، جس کے بعد انہوں نے اسے خود پروڈیوس کرنے سمیت اس کا اسکرپٹ بھی ایڈٹ کرنے کی ذمہ داریاں نبھائیں۔
ان کی یہی فلم آسکر ایوارڈز میں غیر ملکی زبان کی کٹیگری میں بھی نامزد ہوئی۔
سال 2000 کے بعد عامر خان نے ایک کے بعد ایک بہترین فلم دے کر بولی وڈ میں وہ مقام حاصل کیا، جو آج تک امیتابھ بچن، سلمان، شاہ رخ اور دلیپ کمار جیسے اداکاروں کو بھی نہیں ملا۔