’سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کی خاطر اصولوں کی قربانی نہیں دیں گے‘
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شفقت محمود کا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے انتخاب کے معاملے پر کہنا ہے کہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ہم نے اپنے اصولوں کے خلاف جاتے ہوئے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا لیکن قائد حزب اختلاف کوئی اتنا بڑا منصب نہیں جس کی خاطر ہم اپنے اصولوں کو قربان کر دیں۔
ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز آئی' میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ ’ہمارا مقصد بہت واضح تھا کہ سینیٹ کا چیئرمین نہ پیپلز پارٹی سے منتخب ہو اور نہ مسلم لیگ (ن) سے بن سکے اور ہم اپنی اس حکمت عملی میں کامیاب بھی ہوئے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس سارے عمل میں ہمیں ایک بڑی تکلیف سے بچنے کے لیے ایک چھوٹی تکلیف اٹھانی پڑی جو کہ پیپلز پارٹی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے ووٹ دینا تھا، لیکن قائد حزب اختلاف کوئی اتنا بڑا منصب نہیں جس کی خاطر ہم اپنے اصولوں کو قربان کر دیں۔‘
مزید پڑھیں: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے33 اراکین کی حمایت ہے، شیری رحمٰن
پروگرام کی دوسری مہمان اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ ’سینیٹ کے انتخابات کا مرحلہ ختم ہوتے ہی عمران خان اور ان کی جماعت نے پھر سے آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی کہا کہ ان کا پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اگر تحریک انصاف قائد حزب اختلاف سے متعلق پیپلز پارٹی سے کوئی بھی بات چیت کرنا چاہتی تو پہلے انہیں چاہیے تھا کہ وہ ہمارے ساتھ مذاکرات کرتے اور اپنا لہجہ نرم رکھتے۔‘
نفیسہ شاہ نے کہا کہ ’تحریک انصاف نے اپنا امیدوار دیر سے منتخب کیا ہے اور اب کافی حد تک حمایت پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیریں رحمٰن کے حق میں آچکی ہے اور مزید آرہی ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نے شیری رحمٰن کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا
مسلم لیگ (ن) کے رہنما جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ ’قائد حزب اختلاف ایک بہت اہم منصب ہے اور جس جماعت کے پاس بھی زیادہ نمبر ہوں گے وہ سبقت لے جائے گا، اب چاہے وہ پاکستان تحریک انصاف ہو یا پاکستان پیپلز پارٹی، ہم بطور حکمراں جماعت اس کو خوش آمدید کہیں گے۔‘
خیال رہے کہ رواں ماہ سینیٹ کے چیئرمین کے لیے صادق سنجرانی کے انتخاب کے بعد ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پی پی پی اور پی ٹی آئی میں اختلافات سامنے آئے تھے، جہاں دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔