Dawn News Television

شائع 18 اپريل 2018 07:46pm

ان فٹ نیمار ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پراُمید

ساؤپالو: اسٹار برازیلین فٹ بالر نیمار نے رواں برس روس میں شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ سے قبل سو فیصد فٹ ہونے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 17 مئی سے دوبارہ ٹریننگ شروع کریں گے۔

نیمار رواں سال 25 فروری کو لیگ میچ کے دوران پاؤں کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کی وجہ سے انہیں سرجری کرانا پڑی تھی اور ان دنوں وہ بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔

انجری مسائل کے باعث نیمار کی ورلڈ کپ میں شرکت تاحال غیریقینی صورتحال کا شکار ہے جہاں برازیلین ٹیم میگا ایونٹ میں 17 جون کو سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ سے عالمی ٹائٹل کے لیے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔

ساؤ پالو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور 17 مئی کو ان کا آخری معائنہ ہو گا جس کے بعد وہ کھیلنے کے لیے آزاد ہوں گے۔

نیمار نے ورلڈ کپ کو خواب قرار دیتے ہوئے ازراہ مذاق کہا کہ میں گھر میں بیٹھ کر ٹی وی پر ورلڈ کپ نہیں دیکھنا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ 4 برس سے ورلڈ کپ کا انتظار کر رہا ہوں اور اس میں شرکت کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔

Read Comments