Dawn News Television

اپ ڈیٹ 22 اپريل 2018 06:42pm

دنیا کا پہلا ملک جہاں سوشل میڈیا ٹیکس کے نفاذ کا اعلان

ویسے تو فیس بک، ٹوئٹر اور واٹس ایپ وغیرہ کا استعمال مفت ہے اور بس انٹرنیٹ کا خرچہ کرنا پڑتا ہے تاہم پہلی بار دنیا میں ایک ملک سوشل میڈیا صارفین پر ٹیکس لگانے والا ہے۔

جی ہاں واقعی افریقی ملک یوگنڈا نے حیران کن اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2018 سے سوشل میڈیا ٹیکس کا نفاذ کیا جارہا ہے۔

یوگنڈا کے وزیر خزانہ Matia Kasaija نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل میڈیا ٹیکس نے ملکی آمدنی میں اضافے کے ساتھ قومی سلامتی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیں : سوشل میڈیا پر آپ کی نگرانی ہو رہی ہے، اس سے بچا کیسے جائے؟

ان کا کہنا تھا ' ہمیں ملکی سلامتی کو مستحکم بنانے اور بجلی کی فراہمی زیادہ سے زیادہ لوگوں تک ممکن بنانے کے لیے سرمایہ چاہئے تاکہ شہری سوشل میڈیا سے زیادہ لطف اندوز اور استعمال کرسکیں'۔

انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا ٹیکس ہر اس موبائل فون صارف پر لگے گا جو کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے واٹس ایپ، ٹوئٹر اور فیس بک وغیرہ کا استعمال کرتے ہیں اور انہیں روزانہ 200 یوگنڈا شیلنگ (6 پاکستانی روپے سے زائد) ادا کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں : صحت کیلئے بدترین سوشل میڈیا ایپ کونسی؟

تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ ٹیکس کس طرح وصول کیا جائے گا کیونکہ بظاہر تو یہ کافی پیچیدہ کام ہے کہ یوگنڈا کے 2 کروڑ 36 لاکھ سے زائد موبائل فون صارفین کے زیراستعمال ہر ایپ کو مانیٹر کیا جاسکے۔

ویسے یوگنڈا کی جانب سے یہ اعلان کچھ زیادہ حیران بھی نہیں کیونکہ یہاں حکومت انتخابات کے دوران سوشل میڈیا پر پابندی لگا چکی ہے۔

یہی ملک ماضی میں اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تشکیل دینے کا اعلان بھی کرچکا ہے جبکہ فحش مواد پکڑنے والی مشین کی خریداری کا وعدہ بھی کیا، تاہم ان دونوں اعلانات پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

Read Comments