Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2018 09:58pm

لیلیٰ میں لیلیٰ کے بعد گیل کا تیری اکھیاں کا یو کاجل اسٹائل

—فائل فوٹو: لیٹسٹلے

ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل نہ صرف اپنی جارحانہ بیٹنگ بلکہ اپنے منفرد ڈانس اسٹائل سے بھی ہر وقت خبروں میں رہتے ہیں۔

کرس گیل جہاں کرکٹ میدان میں میچ کے بعد ’گینگم اسٹائل‘ میں ڈانس کرتے نظر آتے ہیں، وہیں وہ گزشتہ برس سے بولی وڈ آئٹم سانگس پر بھی رقص کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

لیکن اب کرس گیل کی ایک اور بھارتی گانے پر ڈانس کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ ہریانوی گانے پر رقص کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

لیکن حقیقت میں کرس گیل کی یہ ویڈیو نئی نہیں بلکہ پرانی ہے، جسے اب ایڈٹ کرکے بھارتی میڈیا سمیت لوگوں کو بے وقوف بنایا گیا۔

ہوا کچھ یوں کہ بھارت کی معروف ڈانسر سپنا چوہدری نے اپنے انسٹاگرام پر کرس گیل کی پرانی ویڈیو کا نیا ورژن شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں انٹرنیٹ پر کرکٹر کی ایک ویڈیو ملی، جس میں وہ ان کے گانے پر ڈانس کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کرس گیل ڈانسر سپنا چوہدری کے ہریانوی زبان کے مشہور گانے ’تیری اکھیاں کا یو کاجل‘ پر ڈانس کر رہے ہیں۔

سپنا چوہدری کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد متعدد بھارتی نشریاتی اداروں نے اس کی خبر بھی شائع کردی، ساتھ ہی کئی افراد نے کرس گیل کی ہریانوی گانے پر ڈانس کی تعریف بھی کی۔

کرس گیل نے بھی سپنا چوہدری کی ڈانس کی تعریف کی—اسکرین شاٹ

تاہم بعض افراد نے سپنا چوہدری کی پوسٹ پر کمنٹ کیا کہ کرس گیل کی یہ ڈانس دراصل ان کے گانے پر نہیں بلکہ سنی لیونی کے گانے ’لیلیٰ میں لیلی‘ کی ہے، جس پر کرکٹر نے گزشتہ سال ڈانس کی تھی۔

حیرانگی کی بات یہ ہے کہ سپنا چوہدری کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد کرس گیل نے بھی اس پر کمنٹ کرتے ہوئے انہیں بہترین ڈانسر قرار دیا۔

کرس گیل نے سپنا چوہدری کی تعریف تو کی، تاہم انہوں نے اس بات کی کوئی وضاحت نہیں کی کہ انہوں نے ان کے گانے پر ڈانس کیا تھا یا نہیں؟

یہ بھی پڑھیں: کرس گیل کا سنی لیونی اسٹائل ڈانس

اسی ویڈیو پر متعدد مداحوں نے سپنا چوہدری کو بتایا کہ کرس گیل نے یہ ڈانس اصل میں گزشتہ برس سنی لیونی کے گانے پر کی تھی، جس کی ویڈیو انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی تھی، جو تاحال وہاں موجود ہے۔

سپنا چوہدری کا یہ گانا ’تیری اکھیاں کا یو کاجل‘ 2012 میں ریلیز ہوا تھا، جسے ہریانوی زبان کے گلوکار ڈی سی مدانا نے گایا تھا۔

اسی گانے پر سپنا چوہدری مختلف تقریبات میں ڈانس کرچکی ہیں، ان کی جانب سے اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر اپ لوڈ کیے گئے اس گانے کی ویڈیو کو اب تک 17 کروڑ 93 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

لیکن در حقیقت میں کرس گیل نے سپنا چوہدری کے گانے پر نہیں بلکہ سنی لیونی گانے پر ڈانس کیا تھا، جسے اب ایڈٹ کرکے لوگوں کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔

کرس گیل نے ابتدائی طور پر گزشتہ برس جولائی میں سنی لیونی کے گانے پرڈانس کی ویڈیو شیئر کی تھی، جس کے بعد سنی لیونی نے بھی ان کی ویڈیو ٹوئیٹ کی تھی۔

کرس گیل نے سنی لیونی کے گانے پر ڈانس کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو چیلنج کیا تھا کہ اگر کوئی بھی اس طرح کا ڈانس کرکے ان سے بازی لے جائے گا تو اسے 5 ہزار امریکی ڈالرز کا انعام دیا جائے گا۔

Read Comments