Dawn News Television

شائع 24 اپريل 2018 07:32pm

ممکنہ آئی فون ایس ای 2 کی پہلی جھلک سامنے آگئی

ایپل کے نئے بجٹ آئی فون ایس ای 2 (اسپیشل ایڈیشن) کی پہلی تصویر لیک ہوکر سامنے آگئی ہے۔

آئی فون کے حوالے سے تفصیلات لیک کرنے والے ٹوئٹر صارف بین گیسکین نے اس فون کی تصویر ٹوئیٹ کی ہے۔

اس ٹوئیٹ کے مطابق یہ نیا اور 'سستا' آئی فون آئی فون ایکس اور آئی فون 8 کے ایک فیچر سے ضرور لیس ہوگا جو ہے وائرلیس چارجنگ، جس کے لیے اس ڈیوائس کو گلاس بیک سے مزئین کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں : ایپل اپنا سستا ترین آئی فون متعارف کرانے کے لیے تیار؟

ویسے اس فون کے حوالے سے حالیہ چند ہفتوں کے دوران متعدد افواہیں سامنے آئی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ ایپل اپنے 2 سال پرانے آئی فون ایس ای کا اب اپ ڈیٹ ورژن متارف کرانے کے لیے تیار ہے۔

ایپل نے تو اس حوالے سے خاموشی اختیار کررکھی ہے تاہم افواہوں میں تیزی آتی جارہی ہے اور ان کے مطابق یہ گزشتہ فون سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہوگا بس کچھ فیچرز کو اپ ڈیٹ کردیا جائے گا جیسے پہلے سے بہتر کیمرہ، اے 11 فیوژن سی پی یو جو کہ آئی فون 8 میں بھی موجود ہے۔

تاہم سب سے بڑا فرق ممکنہ طور پر وائرلیس چارجنگ اور ہیڈفون جیک کی عدم موجودگی کو قرار دیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایپل منفرد آئی فون بنانے کا خواہشمند

ڈیزائن کے لحاظ سے تو یہ لیک تصویر میں پرانے ورژن جیسا ہی نظر آتا ہے تاہم قیمت کے لحاظ سے کچھ مہنگا ہوگا۔

آئی فون ایس ای 349 ڈالرز (35 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جارہا ہے تاہم آئی فون ایس ای 2 کی قیمت 399 ڈالرز (40 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوسکتی ہے۔

اس فون کو متعارف کرانے کا اعلان جون یا جولائی میں کیا جاسکتا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے 4 جون کو اس کی سالانہ ڈویلپرز کانفرنس کے دوران اس فون کو پیش کیا جاسکتا ہے۔

درحقیقت آئی فون ایس ای اس کمپنی کا واحد بجٹ فون ہے جو کہ اس نے ترقی پذیر ممالک کی مارکیٹوں کو مدنظر رکھ کر متعارف کرایا تھا اور اس کا نیا ورژن بھی اسی پالیسی کے تحت سامنے آئے گا۔

Read Comments