Dawn News Television

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2018 02:01pm

بھارتی گلوکارہ کے خلاف دھوکادہی کا مقدمہ

ہندوستان کی شمالی ریاست اترپردیش کے اہم شہر آگرہ کے پولیس اسٹیشن میں بولی وڈ گلوکارہ کنیکا کپور کے خلاف دھوکا دہی سمیت دیگر مقدمات درج کردیے گئے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق نوئیڈا سے تعلق رکھنے والی ایک ایونٹ منیجمنٹ کمپنی نے 40 سالہ گلوکارہ کنیکا کپور، ان کے منیجر اور ایجنٹ کے خلاف آگرہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔

پولیس اہلکار کے مطابق کنیکا کپور اور ان کے منیجر پر سیکشن 420، 406 اور 507 کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

شکایت کنندہ منوج شرما نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے گلوکارہ کنیکا کپور کو علی گڑھ میں پرفارم کرنے کے لیے 25 لاکھ ہندوستانی روپے ادا کیے تھے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ گلوکارہ نے اس ایونٹ میں نہ تو پرفارم کیا اور نہ ہی ان کے پیسے واپس لوٹائے۔

منوج شرما نے مزید کہا کہ کنیکا کپور کے پرفارم نہ کرنے کے باعث ان کی کمپنی کو کافی بھاری نقصان ہوا جبکہ ایونٹ خراب ہونے پر انہیں شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑا، جس کے بعد انہوں نے گلوکارہ اور ان کے مینجر کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ کنیکا کپور کا نام ہندوستان کی نامور گلوکاراؤں میں آتا ہے۔

انہوں نے کئی کامیاب بولی وڈ فلموں میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

کنیکا کپور کے مقبول گانوں میں ’جنم جنم‘، ’چھل گئے نینا‘، ’دھیرے دھیرے‘ شامل ہیں۔

Read Comments