Dawn News Television

شائع 26 اپريل 2018 03:23pm

یوٹیوب کڈز ایپ کے تین اہم فیچرز متعارف

والدین کو بچوں پر مزید کنٹرول فراہم کرنے کے لیے یوٹیوب کڈز ایپ نے اپنے تین نئے فیچرز کا اعلان کردیا ہے۔

بچوں کے فن کے لیے بنائی اس ایپ میں والدین کو بچوں کے لیے مواد کا انتخاب کرنے کے لیے یہ تین نئے فیچرز دیے جارہے ہیں، جن میں ’کلیکشنز‘، ’پیرنٹ اپرووڈ کنٹینٹ‘ اور ’سرچ آف‘ شامل ہیں۔

ایپ میں موجود کلیکشن فیچر سے والدین ان موضوعات اور چینلز کا انتخاب کرسکتے ہیں جو وہ اپنے بچوں کو دکھانا چاہتے ہیں۔

دوسرے فیچر پیرنٹ اپرووڈ کنٹینٹ میں والدین کو اس بات کا حق دیا جارہا ہے کہ وہ پہلے خود ہر ویڈیو کو اپنے بچوں کے لیے منتخب کرسکتے ہیں، جبکہ سرچ آف فیچر میں وہ اس بات کی یقین دہانی کرسکتے ہیں کہ ان کے بچے اس ایپ میں کیا کیا سرچ کریں۔

یوٹیوب کڈز کے پروڈکٹ ڈائیریکٹر جیمز بیسر کا اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’جب ہم نے تین سال قبل یوٹیوب کڈز ایپ لانچ کی، تو ہمارا مقصد تھا کہ دنیا بھر میں بچے ایسی ویڈیوز دیکھ سکیں جس سے وہ کچھ مثبت سیکھیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمارا فوکس نئے فیچرز سامنے لانے میں بھی ہے، جو والدین کو اپنے بچوں پر مزید کنٹرول دے سکے، تاکہ وہ ان ویڈیوز کا اپنے بچوں کے لیے انتخاب کریں جو ان کے لیے محفوظ ہیں‘۔

کلیکشنز فیچر کے ذریعے یوٹیوب پارٹنرز ایسے چینلز کو اس ایپ پر سامنے لائیں گے جن سے بچوں کو فن، میوزک اور کھیل کے حوالے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے۔

Read Comments