Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2018 05:03pm

فیس بک کا جعلی خبروں کے خلاف نیا منصوبہ

فیس بک کی خواہش ہے کہ اس کو درپیش تمام مسائل جلد از جلد کہیں غائب ہوجائیں، خصوصاً جعلی خبریں یا افواہیں، مگر چونکہ ایسا ہو نہیں پارہا تو کمپنی نے اس کا حل حجم چھوٹا کرنے کی صورت میں تجویز کیا ہے۔

جی ہاں فیس بک کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب وہ جعلی خبروں سے نمٹنے کے لیے ایک نئے منصوبے پر کام کررہی ہے جس میں ایسی پوسٹس کا فونٹ سائز بہت چھوٹا کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں : نیوزفیڈ میں تبدیلی: جعلی خبروں کو روکنے کیلئے فیس بک کااہم قدم

جی ہاں یہ فیس بک کا ایک بڑا خیال ہے کہ ایسی مخصوص پوسٹس کا حجم صارفین کی نیوزفیڈ پر چھوٹا کردیا جائے جسے کمپنی کے تھرڈ پارٹی فیکٹ چیکرز مستند قرار نہ دے سکیں۔

فیس بک کے ترجمان کے مطابق ہم ایسی نیوز اسٹوریز کا حجم بہت چھوٹا کردیں گے جن کے حقائق جانچ پڑتال پر غلط ثابت ہوئے۔

یہ تبدیلی کچھ اس طرح کی ہوگی — فوٹو بشکریہ ٹیک کرنچ

کمپنی کا خیال ہے کہ کسی پوسٹ کا حجم چھوٹا کرنا صارفین کی نظر سے اسے غائب کردے گا، تاہم ایسا منطقی لحاظ سے تو ممکن نہیں لگتا۔

یہ بھی پڑھیں : فیس بک میں نئی تبدیلی سے جعلی خبریں پھیلنے کا امکان

اس سے بہتر فیس بک کا آخری منصوبہ تھا جس کے تحت ایسی افواہوں یا غلط معلومات پر مبنی پوسٹس کو نیوزفیڈ پر ایک فلیگ کے اضافے کے ساتھ نمایاں کرنا تھا۔

فیس بک کی جانب سے یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ اس طرح کی پوسٹس پکڑنے کے لیے انسانی عملے کے ساتھ ساتھ اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ہوگا۔

Read Comments