Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 مئ 2018 05:10pm

اےبی ڈی ویلیئرز نے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور ورلڈ ریکارڈ ہولڈر اے بی ڈی ویلیئرز نے تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ 114 ٹیسٹ میچز، 228 ایک روزہ میچز اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد اب وقت ہے کہ ان کی جگہ کسی نوجوان کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا وقت پورا کر لیا ہے، اور حقیقت تو یہ ہے کہ میں تھک چکا ہوں۔

سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ ’میں نے یہ تلخ فیصلہ لینے کے لیے کافی وقت لیا اور اس کے بارے میں کافی دنوں تک سوچا، تاہم میں اب کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینا چاہوں گا، جبکہ میں ابھی بھی بہتر کھیل پیش کر رہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا سے (ٹیسٹ سیریز) جیتنے کے بعد میں محسوس کر رہا ہوں یہ اپنے آپ کو ٹیم سے علیحدہ کرنے کا بہترین موقع ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز نے کہا کہ ’میں اپنی ٹیم کے تمام کوچز، اسٹاف ممبران اور بالخصوص کھلاڑیوں کا نہایت مشکور ہوں جنہوں نے میری اپنے پورے کیریئر کے دوران بھرپور حمایت کی تھی۔

انہوں نے ساتھ ساتھ جنوبی افریقہ اور پوری دنیا میں اپنے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا وہ اپنے مداحوں کی جانب سے ملنے والی عزت پر ان کے بے حد مشکور ہیں۔

تاہم انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ کلب کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے رہیں گے، اور ان کی نیک خواہشات فاف ڈیوپلیسی اور جنوبی افریقی ٹیم کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں انہوں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم رائل چینلنجرز بنگلور کی نمائدگی کی تھی، اور اس ایونٹ میں انہوں نے اچھی کارکردگی بھی دکھائی اور انہوں نے ایک ایسا کیچ پکڑا جسے خوب سراہا۔

واضح رہے کہ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سینچری اور نصف سینچری بنانے کا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوری 2015 میں انجام دیا تھا۔

یاد رہے کہ ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور تیسری تیز ترین سینچری کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے۔

Read Comments