Dawn News Television

شائع 20 جون 2018 12:25pm

کومل رضوی کے نئے گانے میں پرانے دور کی یادیں تازہ

پاکستانی گلوکارہ کومل زضوی کا نیا گانا ’ہیلو جی‘ ریلیز ہوگیا، جسے سن کر یقیناً پرانی یادیں تازہ ہوجائیں گی۔

اس کامیڈی رومانوی گانے کی ویڈیو بھی ریلیز کردی گئی ہے جس میں ماضی کے فیشن کی جھلکیاں دکھائی گئیں۔

1980 کا دور پیش کرتے ہوئے اس گانے میں ایک کیفے دکھایا گیا، جہاں کومل رضوی ویٹرس ہیں، جبکہ یاسر حسین مافیا باس بنے ہیں۔

کومل رضوی اور یاسر حسین ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں، تاہم یاسر کومل کو یہ بات بتانے سے کافی ڈرتے ہیں۔

اپنے اس نئے گانے کے حوالے سے کومل رضوی نے ڈان کو بتایا کہ ’کافی عرصے بعد، میں نے ایک گانے کو لکھا اور اسے کمپوز کیا ہے، میں ایک رومانوی کامیڈی گانا بنانا چاہتی تھی، کیوں کہ اب تک پاکستان کی کسی گلوکارہ نے ایسا گانا نہیں بنایا، امید ہے میرے تمام مداحوں کو یہ گانا اتنا ہی پسند آئے گا جتنا انہیں میرا باقی کام پسند آتا ہے‘۔

گانے کی آرٹ ڈائیریکشن اخلاق مہسر نے کی، جبکہ فوٹوگرافی کی ڈائیریکشن کا ذمہ اماد صدیقی نے اٹھایا۔

گانے کے میوزک پروڈیوسر سعد سلطان ہیں، جبکہ ایڈیٹنگ اویس عالم نے کی۔

کومل رضوی نے مزید کہا کہ ’مجھے گانے کی مکمل ٹیم کے ساتھ کام کرکے بےحد مزاح آیا، یاسر حسین نے سیٹس پر سب کو خوب ہنسایا، میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ اتنے ٹیلنٹڈ لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا‘۔

Read Comments