Dawn News Television

شائع 03 جولائ 2018 12:47am

کراچی: پسند کی شادی کرنے پر نوجوان قتل

کراچی: سپر ہائی وے کی کچی آبادی میں نوجوان شخص کو پسند کی شادی کرنے پر گولی مار کر قتل کردیا گیا۔

سائٹ سپر ہائی وے انڈسٹریل پولیس کے اہلکار کا کہنا تھا کہ 23 سالہ حمزہ صدیقی کو فقیرہ گوٹھ میں ان کے گھر میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول نے ایک سال قبل سائرہ نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی۔

شادی کے فوری بعد حمزہ صدیقی کو ان کے آبائی گاؤں شہداد کوٹ منتقل کردیا گیا تھا جس کے بعد وہ لڑکی کے رشتہ داروں کے اصرار پر واپس کراچی آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتول نوجوان کو مبینہ طور پر لڑکی کے رشتہ داروں نے ہی پیر کی شام 7 بجے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد وہ جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ایک مبینہ ملزم کو مقتول کے اہلخانہ نے پہچان لیا ہے تاہم کیس کی ایف آئی آر تا حال درج نہیں کی جاسکی ہے۔

Read Comments