سیاسی انتقام کی خاطر ’کتے‘ کو قتل کرنے والے ملزمان گرفتار
خیبرپختونخوا پولیس نے ‘سیاسی انتقام‘ کی خاطر ’کتے‘ کو قتل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 45 سیکنڈ کی ایک ویڈیو کلپ گردش کر رہی تھی، جس میں دیکھا گیا تھا کہ 2 افراد نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے جھنڈے میں لپٹے ہوئے ’ کتے ‘ کو کئی مرتبہ گولیاں ماری تھیں۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد عوام کا سخت ترین رد عمل سامنے آیا تھا اور بے زبان جانور کو بے رحمی سے قتل کرنے پر نہ صرف افسوس کا اظہار کیا گیا تھا بلکہ ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: سیاسی عدم برداشت کا نشانہ بننے والا گدھا دنیا میں نہیں رہا
سوشل میڈیا پر یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آئی اور انہوں نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ٹوئٹر پر خیبرپختونخوا پولیس ڈپارٹمنٹ کے آفیشل اکاؤنٹ کا دعویٰ کرنے والے اکاؤںٹ سے جاری ہونے والی تصاویر اور ویڈیو میں بتایا گیا کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ان ملزمان کو ’ تشدد، جانور کا قتل اور ایک شرمناک ویڈیو بنانے کے الزام میں حراست میں لیا گیا‘۔
ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دونوں ملزمان کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں اور ملزمان کی اعترافی ویڈیو بھی دکھائی گئی جبکہ اس معاملے کو اٹھانے پر سوشل میڈیا صارفین کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر جاری اعترافی ویڈیو میں عمر نامی ملزم اس بات کا اعتراف کررہا ہے کہ وہ اس وحشیانہ کام میں ملوث تھا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم پولیس کو بتارہا ہے کہ کتے پر تشدد کےلیے اسے سائین اللہ نامی شخص نے کہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عوام میں بڑھتی ہوئی سیاسی عدم برداشت
خیال رہے کہ سیاسی عدم برداشت میں جانوروں پر تشدد کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی اس طرح کے واقعات سامنے آئے تھے جس میں گدھے اور کتے کا استحصال کیا گیا تھا۔
سیاسی عدم برداشت کا نشانہ بننے والا گدھے پر بے رحمی سے تشدد کیا گیا تھا، جس سے اس کی ٹانگیں ٹوٹ گئی تھی جبکہ اسے اندرونی چوٹ بھی آئی تھی اور وہ گدھا کچھ عرصے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا تھا۔