ایشوریا اور ابھیشیک کی ’گلاب جامن‘
بولی وڈ کی خوبصورت جوڑی ایشوریا رائے بچن اور ابھیشیک بچن ایک ساتھ بہت جلد فلمی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔
یہ دونوں 8 سالوں بعد ایک ساتھ ’گلاب جامن‘ نامی فلم میں کام کرتے نظر آئیں گے، جس کی تصدیق اداکارہ نے خود کردی۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایشوریا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس فلم کا اسکرپٹ انہیں کافی عرصہ قبل دیا گیا تھا، تاہم ابھیشیک اس وقت فلموں سے بریک لینا چاہتے تھے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ہمیں اس فلم کا اسکرپٹ ڈیڑھ سال قبل دیا گیا تھا، تاہم ابھیشیک اس وقت کام نہیں کرنا چاہتے تھے، اس دوبارہ اس فلم پر بات شروع ہوئی، ہم دونوں گلاب جامن میں کام کرنے پر اس لیے راضی ہوئے کیوں کہ میں نے ابھیشیک سے پوچھا کے وہ اپنی فلم من مرضیاں کے بعد اس فلم میں کام کریں‘۔
مزید پڑھیں: والدین کے ساتھ رہنے پر ابھیشیک بچن پر طنز
ابھیشیک بچن اس وقت اپنی فلم ’من مرضیاں‘ کی شوٹنگ کررہے ہیں، جبکہ ایشوریا رائے بچن اپنی فلم ’فنے خان‘ میں مصروف ہیں۔
ایشوریا نے فلم ’گلاب جامن‘ کے حوالے سے مزید بتایا کہ ’اس فلم کی کہانی نہایت خوبصورت ہے، اور ایک شادی شدہ جوڑے کو فلم میں پیش کرے گی، جس کے لیے میں اور ابھیشیک بہترین ہیں‘۔