’کسوٹی زندگی کی‘: 10 سال بعد مرکزی اداکارہ کا اہم انکشاف
بھارتی پروڈیوسر اور ہدایت کار اکتا کپور کا کامیاب ڈرامہ ’کسوٹی زندگی کی‘ آج بھی شائقین میں اتنا ہی مقبول ہے۔
اس ڈرامے کے اہم کردار پریرنا، انوراگ اور مسٹر بجاج اسٹار پلس پر نشر ہونے والے تمام ڈراموں کے کرداروں میں شاید سب سے زیادہ مقبول ہوئے۔
اس ڈرامے میں اداکارہ شویتا تیواری نے پریرنا کا کردار ادا کیا، سیزین خان انوراگ بنے، جبکہ رونت رائے نے مسٹر بجاج کا کردار ادا کیا۔
اس ڈرامے کی پہلی قسط 2001 میں نشر ہوئی، جبکہ یہ 2008 تک جاری رہا۔
7 سال تک اسٹار پلس پر نشر ہونے والے اس ڈرامے کو ختم ہوئے 10 سال گزر چکے ہیں، تاہم اس کی مرکزی اداکارہ نے اتنے سال بعد ایک حیران کن انکشاف کردیا۔
اداکارہ شویتا تیواری نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ڈرامے میں ان کے ساتھ رومانوی کردار ادا کرنے والے انوراگ یعنی سیزین خان اور وہ ایک دوسرے سے نفرت کرتے تھے۔
شویتا کے مطابق ’اگر مجھے کوئی پسند نہیں ہوتا تو میں اس کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرسکتی، رونت رائے اور میری اچھی بات چیت تھی، ہم ہمیشہ شوٹنگ پر ایک ساتھ اچھی طرح ملتے اور شوٹنگ جاری رکھتے، لیکن سیزین خان مجھے پسند نہیں تھے، اور اس ہی لیے میرا ان کے ساتھ اچھا رابطہ نہیں رہا‘۔