Dawn News Television

شائع 03 اگست 2018 11:21am

ایشوریا رائے ہدایت کارہ بننے کی خواہاں

خوبصورت اداکارہ اور سابق مس ورلڈ ایشوریا رائے بچن کا شمار بولی وڈ کی بہترین اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے تاہم وہ اب اپنے کیریئر میں کچھ اور ہی بننا چاہتی ہیں۔

اپنے مستقبل کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ ہدایت کارہ بننا چاہتی ہیں، تاہم ایسا ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔

مڈ ڈے سے بات کرتے ہوئے ایشوریا کا کہنا تھا کہ ’آج سے چند سالوں بعد، میں یقیناً ہدایت کارہ بن جاؤں گی، میرے تمام ہدایت کار اور ساتھی اداکار مجھے ایسا کرنے کو کہہ چکے ہیں، حتیٰ کہ ابھیشیک بچن نے بھی مجھ سے کہا کہ میں ڈائیریکٹر بن کر ضرور دیکھوں‘۔

مزید پڑھیں: ‘جواں ہے محبت’ کے بعد ایشوریا رائے کا ‘ہلکا ہلکا سرور’

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں جب کسی فلم کی ہدایات دوں گی، تو اپنا سارا وقت صرف اس فلم کو دوں گی، میں اپنے ہر کام کو پورا وقت دیتی ہوں‘۔

خیال رہے کہ ایشوریا رائے کی فلم ’فنے خان‘ کو آج ریلیز کردیا گیا۔

اس فلم میں اداکارہ کے ساتھ انیل کپور اور راج کمار راؤ نے کام کیا۔

اس حوالے سے ایشوریا کا کہنا تھا کہ ’فلم فنے خان میں میرے صرف 4 سینز ہیں، اس کے باوجود میں نے ہدایت کار اتل منجریکر سے اس کردار کو اچھی طرح سمجھا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہدایت کارہ بننے میں ابھی وقت لگے گا، کیوں کہ انہیں اس وقت کافی اچھے اسکرپٹس موصول ہورہے ہیں، جس میں وہ کام کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایشوریا اور ابھیشیک کی ’گلاب جامن‘

یاد رہے کہ فلم ’فنے خان‘ کے بعد ایشوریا کی اگلی فلم ’گلاب جامن‘ ہوگی۔

اس فلم میں وہ اپنے شوہر اداکار ابھیشیک بچن کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔

فلم ’گلاب جامن‘ کی شوٹنگ کا آغاز جلد ہوگا، جس کی ریلیز اگلے سال متوقع ہے۔

Read Comments