فضل الرحمٰن کے بیٹے قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کیلئے نامزد
متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزدگی پر اتفاق ہوگیا۔
ایم ایم اے کے ترجمان شاہ اویس نورانی کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کے صدر فضل الرحمٰن کی صدارت میں پارٹی اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے اسد محمود کی ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر نامزدگی پر اتفاق کیا گیا۔
خیال رہے کہ اسد محمود عام انتخابات میں ٹانک کے حلقے سے قومی اسمبلی کے رکن بنے تھے۔
مزید پڑھیں: اپوزیشن جماعتوں نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا
واضح رہے کہ 2 اگست کو ہونے والی ملٹی پارٹی کانفرنس کے دوران یہ طے پایا تھا کہ وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نام دیا جائے گا۔
کانفرنس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں مزید کہا گیا تھا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر کے عہدے کے لیے پیپلز پارٹی کی جانب سے نام دیا جائے گا جبکہ ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی متحدہ مجلس عمل کرے گی۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے نامزدگی پر اتفاق کیا ہے۔