Dawn News Television

شائع 08 اگست 2018 02:36pm

اپنی گلوکاری سے مقبول ہونے والے پینٹر کو بڑا موقع مل گیا

گزشتہ روز کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک پینٹر کی گلوکاری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی، جس کے بعد لوگ اس کے ٹیلنٹ کو سراہاتے نظر آئے۔

اس پینٹر کا نام محمد عارف ہے، جس نے اس ویڈیو میں بولی وڈ کے بہت سے کامیاب گانوں کی گلوکاری کی۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے امید ظاہر کی کے عارف گلوکاری میں اپنے کیریئر کو آگے لے کر جاسکیں۔

جس کے بعد اب عارف کو آخر کار اپنی گلوکاری ایک کنسرٹ کے ذریعے دنیا بھر کے ساتھ لانے کا موقع مل گیا۔

پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے اعلان کیا کہ 14 اگست کو منعقد ہونے والے ان کے کنسرٹ کا آغاز عارف اپنے گانے سے کریں گے۔

آئمہ نے یہ بھی بتایا کہ اس ایونٹ کے لیے انہوں نے میک اپ آرٹس نبیلا اور منیب نواز سے درخواست کی کہ وہ عارف کو تیار کریں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی اپنی ویڈیو میں آئمہ نے کہا کہ ’جب میں نے ان کی آواز سنی، تو مجھے بےحد پسند آئی، میرا خیال ہے کہ عارف بہت ٹیلنٹڈ ہیں اور ہم سب کو انہیں سپورٹ کرنا چاہیے‘۔

یاد رہے کہ آئمہ بیگ نے ’لاہور سے آگے‘، ’نامعلوم افراد 2‘، ’ورنہ‘، ’بالو ماہی‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ جیسی پاکستانی فلموں کے لیے گانے گائے ہیں۔

وہ کوک اسٹوڈیو سیزن 10 کا بھی حصہ بن چکی ہیں۔

Read Comments