Dawn News Television

شائع 15 اگست 2018 01:11am

ایکوڈور: بس حادثے میں 24 افراد ہلاک، 18 زخمی

کولمبیا سے وینزویلا جانے والی مسافر بس کو ایکواڈور میں حادثہ پیش آیا جہاں 24 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ہلاک افراد میں کولمبیا اور وینزویلا کے شہری شامل ہیں اور دونوں ممالک کے سفارت خانوں نے بھی اس کی تصدیق کردی ہے۔

ایکواڈور کے دارالحکومت کے سیکیورٹی سیکریٹری جووان زیپاٹا کا کہنا تھا کہ ‘حادثے میں متاثر ہونے والے اکثریت کا تعلق کولمبیا سے ہے’۔

حکام کا کہنا تھا کہ غیرملکی لائسنس اور نمبرپلیٹس کی حامل بس کوائیٹو سے 30 کلومیٹر دور مشرقی علاقے میں داخل ہوئی تھی کہ حادثے کا شکار ہوئی اور قریبی بستی میں جاگری اور تین گھر بھی اس کی زد میں آگئے۔

کوائیٹو کی ایمرجنسی کمیٹی کے سربراہ کرسٹیان ریویرا کا کہنا تھا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں تین کا تعلق ایکواڈور سے ہے جبکہ ہلاک شدگان میں 3 بچےبھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘کولمبیا اور وینزویلا سے تعلق رکھنے والے متاثرین کی شناخت کا کام جاری ہے جن میں سے اکثر جاں بحق ہو چکے ہیں’۔

ریویرا کا کہنا تھا کہ حادثے میں 23 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے ہیں تاہم میئر موریسیو روڈاز نے بعد میں ہلاکتوں کی تعداد 24 اور18 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی۔

خیال رہے کہ ایکواڈور میں ٹریفک حادثات میں اموات کی شرح بہت زیادہ ہے جہاں اکثر حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔

جسٹیسیا ویال نامی تنظیم کے مطابق ایکواڈور میں ٹریفک حادثات میں روزانہ کی بنیاد پر 7 افراد ہلاک اور 80 کے قریب زخمی ہوتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان حادثات میں سے 90 فیصد ڈرائیوروں کی غلطی کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔

یاد رہے کہ 12 اگست کو خوف ناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Read Comments