Dawn News Television

اپ ڈیٹ 16 اگست 2018 06:08pm

کاجول شوہر اور شاہ رخ کیساتھ گزرا وقت دوبارہ گزارنے کی خواہاں

بولی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ کاجول جلد ہی آنے والی فلم ‘ہیلی کاپٹر ایلا‘ میں پہلی بار ایک نوجوان لڑکے کی والدہ کے روپ میں نظر آئیں گی۔

انہوں نے فلم کی پروموشن کے دوران ایک عجب خواہش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے شوہر اجے دیوگن اور بولی وڈ کے رومانس کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ زندگی کے اہم سال گزارنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

کاجول جہاں ‘ہیلی کاپٹر ایلا’ میں پہلی بار ایک نوجوان لڑکے کی ماں بنتی نظر آئیں گی، وہیں وہ اس فلم میں اپنے ہی کالج پڑھتے بیٹے کی کلاس فیلو بنتی بھی نظر آئیں گی۔

فلم کی پروموشن کے دوران جب صحافیوں نے ان سوال کیا کہ اگر انہیں زندگی میں ایک بار پھر کالج پڑھنے کا موقع ملے تو وہ کن اداکاروں کا اپنا کلاس فیلو بنائیں گی۔

پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق کاجول نے صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عجب خواہش کا اظہار کیا اور حیران کن طور پر انہوں نے اپنے شوہر اجے دیوگن اور ساتھی اداکار شاہ رخ خان کا نام لیا۔

اداکارہ نے وضاحت کی کہ اگر انہیں پھر سے کالج پڑھنے کا موقع ملا تو وہ اجے دیوگن اور شاہ رخ خان کو اپنا کلاس فیلو بنائیں گی۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوجائے تو زندگی ان کے لیے بہت حسین ہوجائے گی۔

شاہ رخ اور کاجول نے 10 کے قریب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے—اسکرین شاٹ

علاوہ ازیں ایک اور سوال کے جواب میں کاجول نے بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ کے حوالے سے بھی اہم انکشاف کیا۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر انہیں کالج پڑھنے کا موقع ملے تو وہ کون سے بولی وڈ اداکار کو اپنا کلاس فیلو بنانا پسند نہیں کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کاجول کے گناہوں کی سزا اجے دیو گن کو کیوں؟

کاجول نے کوئی رکھ رکھاؤ کیے بغیر بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا نام لیا اور کہا کہ وہ کلاس فیلو نہیں بلکہ کالج کے استاد لگتے ہیں۔

خیال رہے کہ کاجول نے عامر خان کے ساتھ 2006 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘فنا’ اور 1997 میں اجے دیوگن کے ساتھ ریلیز ہونے والی فلم ‘عشق’ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

کاجول نے عامر خان کے مقابلے شاہ رخ خان کے ساتھ زیادہ فلموں میں کام کیا ہے اور ان کی جوڑی کو پسند بھی کیا جاتا ہے۔

کاجول اور شاہ رخ خان نے ایک ساتھ 10 کے قریب فلموں میں کام کیا ہے، ان کی مشہور فلموں میں ‘دلوالے دلہنیا لے جائیں گے، بازیگر، کچھ کچھ ہوتا ہے، کبھی خوشی کبھی غم، مائی نیم از خان اور دل والے‘ شامل ہیں۔

کاجول مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں—اسکرین شاٹ

کاجول نے اپنے شوہر اجے دیوگن کے ساتھ بھی متعدد فلموں میں کام کیا ہے اور ان کی جوڑی کو بھی سراہا جاتا ہے۔

دونوں نے 1999 میں شادی کی تھی، ان کے ہاں پہلا بچہ 2003 میں پیدا ہوا، جوڑے کے ہاں دوسرا بچہ 2010 میں ہوا۔

جوڑے کی بڑی بیٹی نائسا کی عمر 15 جب کہ بیٹے یگ کی عمر 8 سال ہے۔

مزید پڑھیں: کاجول نے اجے دیوگن سے شادی کیوں کی؟

دونوں اداکار شادی کے اگلے ہی سال 2000 میں وہ ’راجو چچا‘ کے نام سے ریلیز ہونے ولی فلم میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔شادی سے قبل بھی وہ چند فلموں میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوچکے تھے۔

شادی کے بعد جوڑے کی سب سے بہترین فلم 2008 میں ’یو می اور ہم‘ آئی۔ جس میں دونوں نے میاں بیوی کا کردار ادا کیا۔

آخری بار وہ 2010 میں اینیمیٹڈ فلم ٹونپور کا سپر ہیرو میں ایک ساتھ نظر آئے، اس سے قبل 1999 میں ہی ان کی فلم ’دل کیا کرے‘ آئی تھی۔

اب تک دونوں اداکارہ ’ہلچل‘، ’عشق‘، ’پیار تو ہونا ہی تھا‘ اور ’غنڈہ راج‘ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کامیاب اداکاری کر چکے ہیں۔

کاجول اور اجے کی جوڑی کو بھی سراہا جاتا ہے—فائل فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

Read Comments