کاجول نے اجے دیوگن سے شادی کیوں کی؟

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2017
بولی وڈ اداکار اجے دیوگن اور کاجول — فوٹو بشکریہ/ کاجول انسٹاگرام
بولی وڈ اداکار اجے دیوگن اور کاجول — فوٹو بشکریہ/ کاجول انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ کاجول نے 17 سال قبل اپنے کیریئر کے عروج پر اداکار اجے دیوگن سے شادی کی جس کی وجہ یہ تھی کہ وہ اپنی زندگی میں سیٹل ہونا چاہتی تھیں۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق کاجول کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ سال میں صرف ایک ہی فلم میں کام کریں گی۔

کاجول کے مطابق ’میرے لیے اس دوران شادی کرنا سب سے بہترین فیصلہ تھا، میں شوبز میں 8 سے 9 سال گزار چکی تھی، اس لیے میں سیٹل ہونا چاہتی تھی‘۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ ایک سال میں 4 سے 5 فلموں میں کام کرتی تھیں، تاہم وہ ہمیشہ ایسا نہیں چاہتی تھیں اس لیے انہوں نے شادی کی تاکہ وہ خوش رہ سکیں۔

واضح رہے کہ کاجول نے 24 فروری 1999 کو اجے دیوگن سے شادی کی، ان کے دو بچے بیٹی نیسا اور بیٹا یگ ہیں، 2003 میں اپنی بیٹی کے پیدائش کے بعد کاجول کئی فلموں میں جلوہ گر ہوئیں، جن میں ’فنا‘، ’یو می اور ہم‘، ’مائے نیم از خان‘ وغیرہ شامل ہیں۔

کاجول کی آخری ریلیز فلم ’دل والے‘ تھی جس میں وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں۔

کاجول کو ان کی منفرد لُکس کی وجہ سے بھی بولی وڈ میں کافی پسند کیا گیا، اپنی جڑی ہوئی بھوؤں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کے قریبی دوست مائیک نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ہمیشہ اپنی بھوؤں کو ایسا ہی رکھیں۔

کاجول نے بولی وڈ میں اپنے سفر کا آغاز 1992 میں فلم ’بے خودی‘ سے کیا تاہم ان کی پہلی ہٹ فلم 1993 کی ’بازیگر‘ ثابت ہوئی جس میں ان کے ہمراہ شاہ رخ خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ کاجول اور شاہ رخ خان کی جوڑی کو آج بھی بولی وڈ کی کامیاب جوڑی مانا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں