Dawn News Television

شائع 17 اگست 2018 02:10pm

ریچل ویکاجی کا ’پرواز ہے جنون‘ کے ساتھ اداکاری میں ڈیبیو

پاکستانی گلوکارہ ریچل ویکاجی بہت جلد فلم ’پرواز ہے جنون‘ کے ساتھ اداکاری میں بھی ڈیبیو کرنے جارہی ہیں۔

اس فلم میں وہ پاک فضائیہ کی کیڈیٹ کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جس کردار کے لیے وہ کافی پرجوش ہیں۔

ریچل ویکاجی کا ڈان سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’مجھے اداکاری پسند ہے، میں تھیٹر ڈرامے کر چکی ہوں، میں نے ان کی ہدایت کاری بھی کی ہے، لیکن میں نے کبھی فلم میں کام نہیں کیا، اس لیے میں نے سوچا کہ ایسا کرکے بھی دیکھنا چاہیے‘۔

ریچل کے مطابق جب انہیں فلم میں اجالا نامی کیڈیٹ کا کردار کرنے کا موقع ملا، تو انہوں نے فوری اسے قبول کرلیا، کیوں کہ لڑکیوں کہ لیے یہ ایک الگ سا کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرواز ہے جنون کی شوٹنگ میں کافی مزاح آیا، کیوں کہ اس فلم کی وجہ سے انہیں ایئرفورس بیس میں شوٹنگ کرنے کا موقع ملا، جس کا تجربہ کافی متاثر کن تھا۔

ریچل نے یہ بھی بتایا کہ وادی نلتر میں فلم کی شوٹنگ کے دوران کاسٹ میں موجود کچھ ممبرز پر بندروں نے حملہ بھی کردیا تھا۔

فلم ’پرواز ہے جنون‘ کے بعد وہ ہدایت کار عاصم رضا کی رومانوی کامیڈی فلم ’پرے ہٹ لو‘ میں ایک مختصر کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ریچل کی ڈیبیو فلم عید الضحیٰ پر ریلیز ہورہی ہے۔

Read Comments