Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 جون 2020 06:56pm

عمران خان وزیراعظم کے عہدے پر فائز

عمران خان تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے 10 بجکر 5 منٹ پر بنی گالہ سے ایوان صدر پہنچے، جس کے بعد 9.30 بجے شروع ہونے والی حلف برداری کی تقریب کا آغاز 40 منٹ کی تاخیر سے ہوا۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت ممنون حسین، عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

تقریب کے شروع میں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی اور تمام شرکاء بصد احترام کھڑے ہوئے، جس کے بعد تلاوت کلام پاک سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

حلف برداری کے بعد ایوان تالیوں سے گونج اٹھا اور مہمانوں سے عمران خان کو وزیر اعظم بننے پر مبارک باد پیش کی۔

تقریب حلف برداری میں سابق نگراں وزیر اعظم جسٹس(ر) ناصر الملک، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، غیر ملکی سفیر، 1992 میں عمران خان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے والے سابق کھلاڑی، فلم اسٹارز اور بھارت سے آئے مہمان سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوئے۔

Read Comments