Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 اگست 2018 05:28pm

بیٹی کو شوبز میں متعارف کرانے پر کاجول کی نظر میں شاہ رخ بہادر

بولی وڈ کی ورسٹائل اداکارہ کاجول نے کچھ دن قبل ہی ایک پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ اگر انہیں دوبارہ کالج پڑھنے کا موقع ملا تو وہ شاہ رخ خان کو اپنا کلاس فیلو بنانا چاہیں گی۔

کاجول نے یہ بیان اپنی آنے والی فلم ُہیلی کاپٹر ایلا‘ کی تشہیر کے دوران دیا تھا۔

اسی فلم کی تشہیر کے دوران ہی اب کاجول نے شاہ رخ خان کواپنی بیٹی سہانا خان کو شوبز میں متعارف کرائے جانے پر بہادر قرار دیا ہے۔

کاجول کی نظر میں شاہ رخ خان اور ان کی بیوی گوری خان نے اپنی بیٹی کو شوبز میں کام کرنے کی اجازت دینے اور اسے خود ہی متعارف کراکر بہادری کا کام کیا ہے۔

نشریاتی ادارے ‘فلم کمپینین‘ کی میزبان انوپما چوپڑا کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کاجول نے اعتراف کیا کہ اداکاروں کے بچوں کی زندگی اتنی آسان نہیں ہوتی، جتنے لوگ سمجھتے ہیں۔

شاہ رخ اور کاجول نے 10 کے قریب فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے—اسکرین شاٹ

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ کسی ناکام اداکار یا شخصیت کے بچوں کی زندگی بھی مشکل ہوتی ہے اور ان پر بھی نظر رکھی جاتی ہے، تاہم کامیاب اداکار یا شخصیت کے بچوں کی زندگی ناکام شخصیت کے بچوں سے زیادہ مشکل ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کاجول شوہر اور شاہ رخ کیساتھ گزرا وقت دوبارہ گزارنے کی خواہاں

کاجول کے مطابق کامیاب شخصیت کے بچے ابتداء ہی سے لوگوں کی نظروں میں آجاتے ہیں اور ان کی ہر چیز اور بات کو نوٹ کیا جاتا ہے، جس وجہ سے ان کا آگے بڑھنا مشکل بن جاتا ہے۔

اداکارہ کے مطابق اگرچہ ناکام شخصیت کے بچوں کی زندگی بھی ایسی ہی ہوتی ہے، تاہم ان پر لوگ ترس کھاتے ہیں، لیکن کامیاب شخصیت کے بچوں کے ساتھ ایسا نہیں کیا جاتا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ شاہ رخ اور گوری خان نے اپنی بیٹٰی سہانا خان کو شوبز میں متعارف کراکر ہمت اور بہادری کا کام کیا ہے۔

اسی انٹرویو میں اداکارہ نے اپنی اداکاری اور نجی زندگی پر بھی بات کی اور ساتھ ہی انہوں نے آنے والی فلم ُہیلی کاپٹر ایلا’ پر بھی بات کی۔

کاجول نے شاہ رخ خان کی حمایت میں ایک ایسے وقت میں بیان دیا ہے جب کہ چند دن قبل ہی اداکار نے اپنی بیٹی سہانا خان کے پہلے فیشن شوٹ کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی تھی۔

شاہ رخ خان نے اپنی بیٹی کی فیشن میگزین ‘ووگ’ کے سر ورق کی تصویر شیئر کی تھی۔

سہانا خان نے رواں ماہ اگست کے شمارے کے لیے اپنا پہلا فوٹ شوٹ کروایا اور ان کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی۔

سہانا خان کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی دی تھی—فوٹو: ووت

اگرچہ سہانا خان کی تصاویر نے انٹرنیٹ پر دھوم مچادی، تاہم شاہ رخ خان کی جانب سے اپنی بیٹی کی تصویر کو شیئر کرنے اور اسے پروموٹ کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور ان پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ اقرباء پروری کو پروان چڑھا رہے ہیں۔

کئی افراد کا کہنا تھا کہ سہانا خان کی ذاتی طور پر کوئی حیثیت نہیں، وہ بڑے اداکار کی بیٹی ہے، اس لیے انہیں ووگ جیسی میگزین نے موقع دیا۔

سہانا خان کا پہلا فوٹ شوٹ سامنے آتے ہی اب ان کی جانب سے جلد ہی فلموں میں کام کیے جانے کی خبریں گردش میں ہیں۔

تاہم تاحال کسی بھی فلم پروڈیوسر یا ہدایت کار نے باقاعدہ سہانا خان کو کاسٹ کرنے کا اعلان نہیں کیا۔

سہانا خان کا پہلا فوٹو شوٹ اگست 2018 میں منظر عام پر آیا—فوٹو: سہانا خان انسٹاگرام

Read Comments