Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 اگست 2018 10:28pm

عمران خان نے وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا

پاکستان کے 22ویں منتخب وزیراعظم عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھالیا۔

حلف برداری کی تقریب ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی، جہاں صدرِ مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

عمران خان نے تقریبِ حلف برداری کے لیے خصوصی طور پر شیروانی زیب تن کی ہوئی تھی۔

تقریب حلف برداری میں بڑی تعداد میں مہمان شریک ہوئے، اس سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ ایوان صدر کی فضائی نگرانی بھی کی گئی تھی۔

تلاوتِ کلام پاک کے بعد صدرِ مملکت ممنون حسین نے وزیر اعظم عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کے بعد ایوان تالیوں سے گونج اٹھا اور مہمانوں نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد پیش کی۔

حلف برداری کے بعد عمران خان وزیر اعظم ہاؤس پہنچے، جہاں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی اور انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر عمران خان اپنی روایتی انداز میں ہی نظر آئے اور انہوں نے اپنے چہرے پر مسکراہٹ برقرار رکھی۔

بعد ازاں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ عمران نے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ رہائش گاہ کا دورہ کیا۔

Read Comments