Dawn News Television

شائع 20 اگست 2018 09:03pm

’سب کچھ بیچ کر پاکستان آرہا ہوں‘

بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹر نے ایک ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنی تمام جائیداد بیچ کر پاکستان واپس آرہا ہوں ،آکر اپنے ملک کی خدمت کروں گا۔

ملک کے 22 ویں وزیراعظم عمران خان کا گزشتہ روز قوم سے کیا گیا خطاب نہ صرف ملک بھر میں پسند کیا گیا بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اس خطاب کو سراہا، خطاب میں عمران خان کے لہجے اور ملک و قوم کے لیے ان کے فکرمندانہ انداز کو بے حد پسند کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے بعد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا رد عمل سامنے آیا، ایک پاکستانی نژاد ڈاکٹر عمران نے اپنی جائیداد بیچنے اور ملازمت چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے واپس آکر وطن کی خدمت کا ارادہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے فیس بک پیج پر موجود ویڈیو میں عمران نامی شخص کا کہنا ہے کہ وہ دس سال سے امریکا میں مقیم ایک فزیشن ہیں جو نیونیٹولوجی شعبہ میں ریجنل ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز ہے۔

مذکورہ شخص نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ ’اب سے تھوڑی دیر قبل میں نے اپنے وزیراعظم کی ایک بات سنی جس میں نے انہوں نے کہا کہ تمام اوورسیز پاکستانی بڑھ چڑھ کر اپنے ملک کی ترقی کے لیے کردار ادا کریں۔ ‘

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ تو میں آپ تمام لوگوں کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے آج یہ فیصلہ کرلیا ہے کہ میں پاکستان واپس آرہا ہوں اور آکر اپنے ملک کی خدمت کروں گا۔‘

ڈاکٹر عمران کا کہنا تھا کہ میرا یہاں جھیل کنارے گھر ہے میری جتنی بھی یہاں جائیداد ہے وہ میں بیچ کر تمام ڈالرز پاکستان لاؤں گا اور اپنے ملک کو درپیش مسائل کا حل مل کرنکالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری بیگم یہاں امریکا میں فزیشن ہیں اور میں نے انہیں کہہ دیا ہے کہ اپنی ملازمت سے استعفیٰ دے دیں۔

انہوں نے کہا کہ انشااللہ ہمارا پورا خاندان سب کچھ چھوڑ کر اپنے ملک کی خدمت کرنے کے لیے امریکا سے واپس آئیں گے ۔

ڈاکٹر عمران کا کہنا تھا کہ میری امید ہے کہ تمام اووسیز پاکستانی بھی بڑھ چڑھ کر اپنے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اللہ نے ہمیں موقع دیا ہے، سب لوگوں نے جو ملک سے باہر ہیں اور جو پاکستان میں موجود ہیں،مل کر پاکستان کو ایک عظیم ملک بنانا ہے ۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے تعلیم ، صحت ، پولیس، سیاحت اور دیگر شعبہ جات میں اصلاحات لانے سمیت ملک کو درپیش مالی مسائل کے حل کی بات کی تھی۔

اپنی تقریر میں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو پیغام دیا تھا کہ اس وقت ہمیں ڈالرز کی ضرورت ہے اور اس مشکل وقت کو گزارنے کے لیے آپ کی مدد کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بیرون ممالک سے پیسہ بھیجنے والوں کو ہر ممکن سہولت دیں گے۔

Read Comments