Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 اگست 2018 03:56pm

حمیمہ ملک کی بہن کا بھی اداکاری میں ڈیبیو

ٹی وی میزبان دعا ملک اپنی بہن اور بھائی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اب اداکاری میں ڈیبیو کرلیا۔

دعا اے پلس کے ڈرامے ’خفا خفا زندگی‘ میں مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

اس ڈرامے کی ہدایات عاصم علی دے رہے ہیں جبکہ پروڈکشن سادیہ جبار نے کی ہے، دعا اس ڈرامے میں امبر نامی نوجوان لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، وہ اپنے بھائی سے نفرت کرتی ہیں جو اپنی اہلیہ سے علحیدگی اختیار کرچکے ہیں، امبر اپنے بھائی کے بچوں کی دیکھ بھال بھی کرتی ہیں۔

اس ڈرامے میں اداکار علی سفینا دعا کے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔

دعا نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’امبر اپنے بھائی کے بچوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کرتی اور آگے اس کے خود کے ساتھ بہت برا ہوگا، اس ڈرامے میں دکھایا جائے گا کہ آپ بہت طویل عرصے تک اپنے خونی رشتوں کے ساتھ برا نہیں کرسکتے‘۔

اپنے پہلے ڈرامے کے حوالے سے دعا نے بتایا کہ ’ایمانداری سے بات کی جائے تو، میں نے بہت توجہ سے آج تک صرف ایک ہی ڈرامہ دیکھا ہے اور وہ میرے قاتل میرے دلدار ہے، کیوں کہ میرے شوہر سہیل حیدر کو اس ڈرامے کے ٹائٹل گانے کے لیے او ایس ٹی ایوارڈ ملا تھا، میں نے دعا کی تھی کہ میں جب بھی اداکاری میں ڈیبیو کروں تو عاصم علی کے ساتھ کام کروں‘۔

خیال رہے کہ عاصم علی نے ہی ڈرامہ ’میرے قاتل میرے دلدار‘ کی ہدایات دی تھی۔

دعا کو امید ہے کہ وہ اپنے ڈیبیو کے بعد بہت آگے جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ’میں ہمیشہ سے اداکاری کرنا چاہتی تھی، میں اپنی زندگی میں خوش ہوں اور اب لوگوں کی اس خواہش کو پورا کرنا چاہتی ہوں جنہیں امید تھی کہ میں اپنی بہن اور بھائی کی طرح اداکاری کروں گی‘۔

یاد رہے کہ دعا ملک پاکستانی کی نامور اداکارہ حمیمہ ملک اور اداکار فیروز خان کی بہن ہیں۔

ڈرامہ ’خفا خفا ہے زندگی‘ ہر بدھ کو رات 8 بجے اے پلس پر نشر ہورہا ہے۔

Read Comments