Dawn News Television

شائع 31 اگست 2018 07:15pm

مظفر گڑھ کے بھکاری کا ڈیم فنڈ میں 10 ہزار عطیہ دینے کا اعلان

مظفرگڑھ کے علاقے میراں پور کے رہائشی فقیر شوکت بلال نے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ میں 10 ہزار روپے عطیہ دینے کا اعلان کردیا۔

شوکت جو اپنے آپ کو شوکت بھکاری کہلانا پسند کرتے ہیں کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔

وہ ملتان کی سڑکوں پر بھیک مانگتے ہیں جبکہ اردو کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان میں بھی گفتگو کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی: پولیس کا گداگروں کو نمبر الاٹ کرنے کا فیصلہ

وائرل ہونے والی ویڈیو میں شوکت بھکاری نے اعتراف کیا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 10 لاکھ 10 ہزار روپے سے زائد رقم موجود ھے۔

شوکت نے ویڈیو کے دوران اپنے بینک اکاؤنٹ کی رسید بھی دکھائی۔

ویڈیو میں شوکت بھکاری نے 10 ہزار روپے کی رقم بھاشا ڈیم فنڈ میں دینے کا بھی اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پڑھے لکھے بھکاری

شوکت بھکاری کا کہنا ہے وہ لوگوں سے صرف ایک ایک روپیہ کی بھیک مانگتے ہیں کیونکہ لوگوں کے پاس ایک روپیہ کھلا موجود نہیں ہوتا اور وہ اسے 10 سے 20 روپے کی بھیک دے دیتے ہیں۔

شوکت بھکاری کا کہنا ہے کہ انہوں نے گریجویشن کر رکھی ہے اور نوکری کے لیے متعدد مرتبہ علاقے کے رکن قومی اسمبلی اور رکن صوبائی اسمبلی کے پاس چکر لگا چکے ہیں تاہم مایوسی کی صورت میں بھیک مانگنے کا کام شروع کیا تھا۔

ان کے مطابق اس کام میں انہیں روٹی بھی مفت مل جاتی ھے اور خرچہ بھی نہیں ہوتا ہے۔

Read Comments