Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 ستمبر 2018 10:31pm

وزیراعظم کی آرمی چیف سے ایک ہفتے میں تیسری ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک ہفتے میں تیسری مرتبہ ملاقات کی ہے۔

آرمی چیف اور عمران خان کے درمیان یہ ملاقات وزیر اعظم ہاؤس میں ہوئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

مزید پڑھیں: وزیرِاعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

واضح رہے کہ اس سے قبل 30 اگست کو عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیرِاعظم عمران خان کا جی ایچ کیو آمد پر استقبال کیا تھا۔

وزیرِاعظم کو ان کے دورے کے دوران ملکی سیکیورٹی، دفاع اور دیگر اہم امور پر بریفنگ دی گئی تھی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 'پاک فوج دفاع وطن کے لیے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی‘۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِاعظم عمران خان کی پہلی مرتبہ جی ایچ کیو آمد

یاد رہے کہ 27 اگست کو وزیرِاعظم عمران خان سے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پہلی باضابطہ ملاقات کی تھی اور انہیں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی تھی۔

وزیرِاعظم ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اس ملاقات میں خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں وزیرِاعظم اور آرمی چیف نے ملاقات کے دوران ملک میں پائیدار امن و استحکام کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

Read Comments