Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2018 11:01pm

وزیراعظم دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

وزیر اعظم عمران خان اپنے پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں مدینہ منورہ میں گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان اپنے پہلے دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے تو مدینہ منورہ میں ائرپورٹ پر مدینہ کے گورنرشہزادہ فیصل بن سلمان اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر خان ہشام بن صدیق، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی ان کے استقبال کے لیے موجود تھے۔

عمران خان نے اپنے وفد کے ہمراہ روضہ رسول ؐ پر حاضری دی اور جدہ روانہ ہوگئے۔

جدہ میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا استقبال ائرپورٹ پر مکہ کے ڈپٹی گورنرشہزادہ عبداللہ بن بندر، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران نے کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور وزیر اعظم کے مشیر برائے اقتصادیات عبدالرزاق داؤد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔

اپنے دو روزہ دورے میں وزیر اعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔

اس کے علاوہ پاکستانی وفد میں شامل ارکان باہمی تعاون کے امور پر بحث کے لیے اپنے ہم منصب سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران عمران خان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد سے بھی ملاقات کریں گے۔

مزید پڑھیں: سعودی فرماں روا اور ولی عہد کی عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

عمران خان اپنے پہلے سرکاری دورے میں سعودی عرب میں مختلف مذہبی مقامات کی زیارت اور عمرہ بھی ادا کریں گے۔

سعودی عرب کے دورے کے بعد 19 ستمبر کو وزیر اعظم اپنے وفد کے ہمراہ ابو ظہبی کا دورہ کریں گے جہاں ان کا استقبال متحدہ عرب امارات کے امیر محمد بن زائد النہیان کریں گے۔

وزیراعظم یہ دورہ متحدہ عرب امارات کے امیر کی دعوت پر کریں گے جہاں دونوں رہنما باہمی مفادات پر بات کریں گے۔

Read Comments