Dawn News Television

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2018 11:51am

موقع ملا تو دوبارہ منٹو بنوں گا اور پھر سے معاوضہ نہیں لوں گا، نواز

بولی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی کا شمار بھارت کے شاندار فنکاروں میں کیا جاتا ہے، جن کی حال ہی میں ریلیز فلم ’منٹو‘ میں ان کی اداکاری کو خوب سراہا بھی گیا۔

فلم ’منٹو‘ پاکستان کے سب سے بڑے افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر مبنی فلم ہے، جس کی ہدایات نندیتا داس نے دی۔

اس فلم میں نوازالدین صدیقی نے منٹو کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

فلم کی ریلیز رواں ماہ 21 تاریخ کو ہوئی، جسے تجزیہ کاروں کا شاندار ردعمل ملا، تاہم فلم کو باکس آفس پر اچھی کمائی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ‘منٹو’ کو بھارت کے کئی شہروں میں نمائش میں مشکلات درپیش

خیال رہے کہ نوازالدین صدیقی نے فلم میں کام کرنے کا کوئی معاوضہ بھی وصول نہیں کیا تھا۔

اور اب ان کا کہنا ہے کہ اگر موقع ملے تو وہ دوبارہ فلم منٹو میں کام کرنا چاہیں گے جس کے لیے وہ دوبارہ بھی پیسے وصول نہیں کریں گے۔

نوازالدین صدیقی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’اگر موقع ملے تو میں دوبارہ منٹو کرنا چاہوں گا، اور اس بار بھی مفت میں ہی اس فلم کا حصہ بنوں گا‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں اس فلم کو بنانے کے لیے خود اپنی جیب سے پیسے دینے کو تیار ہوں، کیوں کہ مجھے آج احساس ہوا کہ ہے منٹو ہم سے بہت آگے ہیں‘۔

Read Comments