Dawn News Television

شائع 14 اکتوبر 2018 11:11pm

سعد رفیق کا نتائج سے قبل فتح کا اعلان، ای سی پی نے نوٹس لے لیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خواجہ سعد رفیق کا مکمل نتائج آنے سے قبل فتح کے اعلان کا نوٹس لے لیا۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اپنے حلقے این اے 131 کے حتمی نتائج آنے سے قبل ہی اپنی جیت کا اعلان کردیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں ان کا کہنا تھا کہ ’خواجہ سعد رفیق کے ریمارکس کا نوٹس لے لیا گیا ہے‘۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی امیدوار کو حق حاصل نہیں کہ الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت کرے، الیکشن کمیشن اپنے آئینی فرائض بخوبی سر انجام دے رہا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ وہ کسی بھی پارٹی یا امیدوار کے دباؤ میں نہیں آئے گی۔

لاہور میں اپنے انتخابی دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے اپنی فتح کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمہوریت پریقین رکھنے والی سیاسی جماعتوں نےمسلم لیگ ن کاساتھ دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بار سینہ زوری چلےگی نہ دھاندلی، نتائج تبدیل کرنےکی کوشش کی گئی توسخت احتجاج کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کسی کو ہمارے نتائج پر ڈاکہ نہ ڈالنے دے، اب تک کے نتائج کےمطابق ہم ہزاروں ووٹوں سے جیت چکے ہیں۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہمارے نتائج میں مداخلت نہیں ہونی چاہیے، ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دیا گیا لیکن ہم پھر بھی فتح یاب ہوگئے۔

خیال رہے کہ این اے 131 لاہور ٹو کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق اور تحریک انصاف کے ہمایوں اختر کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھا جارہا ہے۔

تاہم اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق خواجہ سعد رفیق اس حلقے سے جیت رہے ہیں۔

Read Comments