Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2018 03:22pm

جنسی ہراساں ہونے والی خاتون کا نریندر مودی سے مدد کا مطالبہ

بولی وڈ معروف اداکار آلوک ناتھ پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی فلم ساز اور لکھاری ونتا نندا نے اب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ وہ بھارت میں جنسی ہراسانی کے مقدمات سامنے آنے پر ان کا نوٹس لیتے ہوئے ایسے افراد کے خلاف ایکشن لیں۔

ونتا نندا نے فیس بک پر جاری ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’میں نریندر مودی جی میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ ہماری آواز کو سنا جائے، می ٹو مہم سے قبل ہم میں کبھی اتنی ہمت نہیں تھے کے اپنے ساتھ ہوئے واقعات سب کے سامنے لائیں، ہمیں سپورٹ کریں تاکہ لوگ ہماری آواز سنیں‘۔

ونتا نے مزید لکھا کہ ’میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ دنیا کو دکھائیں کہ جس سپورٹ کے ہم طلب گار ہیں وہ حقیقت میں ہمیں ملے‘۔

مزید پڑھیں: آلوک ناتھ نے ریپ اور ہراساں کرنے کا الزام مسترد کردیا

انہوں نے لکھا کہ ’ہماری ساتھ ذیادتی کی گئی اور ہم پر تنقید ہوئی کیوں کہ وہ مرد جن پر الزام لگا انہیں کئی سالوں تک لوگوں نے سپورٹ کیا، لوگ کہتے ہیں یہ ملک خواتین کا نہیں، لیکن آپ ایکشن لیتے ہوئے ان لوگوں کو غلط ثابت کریں‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ونتا نندا نے فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے آلوک ناتھ پر انہیں ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ ذیادتی کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

بعدازاں آلوک ناتھ نے خود پر لگے الزامات کے بعد عدالات میں مقدمہ بھی دائر کیا۔

آلوک ناتھ کی اہلیہ اشو ناتھ نے اپنے شوہر پر ریپ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ممبئی کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

آلوک ناتھ کی اہلیہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ وہ پولیس کو ریپ الزامات کی تحقیقات کا حکم دے۔

یہ بھی پڑھیں: آلوک ناتھ کی ’ریپ’ الزامات کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

ساتھ ہی درخواست میں ونتا نندا پر جھوٹا الزام لگانے پر ہتک عزت کا دعویٰ بھی دائر کیا گیا۔

آلوک ناتھ اور اہلیہ کی جانب سے عدالت میں درخواست دائر کرنے کے بعد ونتا نندا نے آلوک ناتھ کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروائی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ونتا نندا نے درج کردہ شکایت میں 19 سال قبل اپنے ساتھ ہوئے ریپ کا حوالہ دیا اور پولیس سے اس معاملے پر تحقیقات کرنے کی درخواست بھی کی۔

واضح رہے کہ ونتا نندا کے بعد کئی اور خواتین نے بھی سامنے آکر اداکار آلوک ناتھ کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے اداکار پر انہیں جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

Read Comments