Dawn News Television

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2018 01:45pm

تیرتی مچھلیوں کے درمیان کھانے کا لطف اٹھائیے

ریسٹورنٹس میں ایکوریم میں خوبصورت مچھلیوں کو تیرتے ہوئے آپ نے اکثر دیکھا ہوگا، لیکن ایکوریم میں بنے ریسٹورنٹ میں تیرتی مچھلیوں کے ہمراہ کھانے کا لطف اٹھانا شاید کبھی نہ دیکھا ہو۔

ایسا ہی ایک ریسٹورنٹ بنایا گیا ہے ویت نام میں جہاں 2 فلور پر تیرتی مچھلیوں کا انتظام کیا گیا ہے اور پانی کے لیے اسے خاص طرح سے پلاسٹک سے محفوظ بنایا گیا ہے جبکہ کرسیوں کے پایوں کو بھی کاٹن سے لپیٹا گیا ہے تاکہ کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔

اس بے انتہا خوبصورت اور منفرد ریسٹورنٹ میں کھانا کھانا عوام میں بہت مقبولیت اختیار کررہا ہے۔

لیکن کھانا کھانے سے قبل آپ کو نہ صرف اپنے جوتے اتارنے ہوں گے بلکہ پاؤں بھی صاف کر کے پانی میں اترنا ہوگا جو 25 سینٹی میٹر تک بھرا ہوا ہے اور اس میں چھوٹی بڑی کئی اقسام کی مچھلیاں تیرتی ہیں۔

’ایمکس کافی‘ نامی اس ریسٹورنٹ کے مالک 23 سالہ نوئین ڈوک ہیں جو ’اینمل کیفے‘ کو ایک نیا طرز دینا چاہتے ہیں, لیکن دونوں منزلوں پر تقریباً 10 ہزار لیٹر پانی جمع کرنا اور اسے مسلسل صاف رکھنا ایک مشکل کام ضرور ہے۔

خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہاں فیملیز اپنے بچوں کو لانا بہت پسند کرتے ہیں جس میں کچھ والدین بچوں کو مچھلیوں کو پکڑنے کے لیے کھیلنے دیتے ہیں لیکن ایسا کرنے کی اجازت نہیں۔

دوسری جانب کچھ لوگوں نے اس پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جانوروں کے ساتھ بدسلوکی قرار دیا۔

Read Comments