Dawn News Television

اپ ڈیٹ 23 اکتوبر 2018 06:58pm

’ننھے احمد کا یہ برتاؤ والدین کی غلط تربیت ہے‘

سوشل میڈیا کی دنیا میں آج کوئی بھی ایک ویڈیو سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں مقبول ہوسکتا ہے، لیکن یہ مقبولیت مثبت ہے یا منفی اس کا فیصلہ کرنا لوگ بھول جاتے ہیں۔

کئی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے کئی ستاروں کے بعد اب ایک نیا سوشل میڈیا اسٹار ننھا بچہ احمد بھی سامنے آیا، جس کی ایک ویڈیو سامنے آنے بعد پورا پاکستان اس کی معصومیت اور منفرد انداز پر باتیں کرنے لگا۔

لیکن کیا اس ننھے بچے کو ملنے والے توجہ درست ہے؟

احمد نامی اس بچے کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، جس کی اسکول میں اپنی ٹیچرز سے بات چیت کی ایک ویڈیو رواں ماہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی۔

اس ویڈیو میں احمد اپنی ٹیچرز پر اس لیے غصہ کرتے نظر آیا کہ وہ اس کا بستہ اسے نہیں دے رہی تھیں۔

اس ویڈیو نے تو احمد کی جگہ ہر پاکستانی کے دل میں بنادی، لیکن اس کے آگے بچے کو ملنے والی مقبولیت جلد ہی وہ پبلسٹی بن گئی جو شاید اس کے مستقبل کے لیے کافی منفی ہوگی۔

اس بچے کو کراچی بھی بلایا گیا، اور متعدد مارننگ شوز اور ٹاک شوز کا حصہ بھی بنایا گیا۔

لیکن ان شوز میں ہوا کیا؟ یہاں احمد کو مجبور کیا گیا کہ وہ اسکرین پر کیمرے کے سامنے غصہ کرکے دکھائے تاکہ لوگ پھر سے یہ ویڈیوز دیکھ کر محظوظ ہوں اور ان شوز کو زیادہ ریٹنگ ملے۔

حال ہی میں احمد مشہور اداکارہ ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوا۔

اس دوران ندا یاسر احمد سے مسلسل غصہ کرنے کو کہتی رہیں جبکہ احمد بھی ’بائے کا بچہ‘، ’اوئے‘ اور ایسے بہت سے جملے بولتا نظر آیا۔

اس شو کی نشریات کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے نہ صرف میزبان کو بلکہ احمد کے والدین کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا، کیوں کہ اس طرح اس بچے کا مستقبل داؤ پر لگایا جارہا ہے۔

ٹی وی اینکر رابعہ انعم نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’احمد کا یہ برتاؤ والدین کی غلط تربیت ہے، وہ بڑے ہوکر یہی سوچے گا کہ وہ بالکل ٹھیک ہے کیوں کہ ایسے برتاؤ کے ساتھ اسے تمام توجہ ملی‘۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ والدین اگر اپنے بچوں کے سامنے یہ ویڈیوز دیکھ کر خوش ہورہے ہیں تو وہ یہ یاد رکھیں کہ ان کے بچے بھی ایسا ہی کریں گے تاکہ انہیں توجہ ملے۔

کچھ نے پیمرا سے اس شو پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا۔

جبکہ انہوں نے سوال کیا کہ اس بچے کو ایسا برتاؤ کرنے کے باعث اتنی اہمیت کیوں دی جارہی ہے، اور ندا یاسر اسے بڑھاوا کیوں دے رہی ہیں؟

انہوں نے اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچے کو ٹی وی پر بلا کر غصہ دلایا جارہا ہے تاکہ شو کو ریٹنگ ملے۔

ایک صارف نے مطالبہ کیا کہ یہ اس بچے کے پڑھنے کی عمر ہے، کاش یہ اس وقت اپنے اسکول میں موجود ہوتا۔

انہوں نے کہا ’پہلے اس کی ٹیچرز نے مذاق اڑایا اور اب یہ شوز اس بچے کے ساتھ ایسا کررہے ہیں‘۔

ان کا سوال تھا کہ ’معصوم بچے کے بھول پن میں کی گئی غلطی کو توجہ دینا کہاں کی عقلمندی ہے‘۔

ننھے احمد کی ان ویڈیوز کے حوالے سے آپ کیا سوچتے ہیں؟ کمنٹس میں بتائیں۔

Read Comments