Dawn News Television

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2018 01:43pm

ایل او سی: بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید

راولپنڈی: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے تھب سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی، جس سے سپاہی ظہیر احمد نے جام شہادت نوش کیا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بلااشتعال فائرنگ کا موثر جواب دیا اور دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ شہید ہونے والے سپاہی ظہیر احمد کا تعلق ضلع بھمبر کے گاؤں سلطان پور سے تھا اور ان کے پسماندگان میں ان کی بیوہ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ نومبر 2003 میں پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان لائن آف کنٹرول پر ایک جنگ بندی کا تاریخی معاہدہ ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی، ایک شہری جاں بحق

تاہم اس معاہدے کے باوجود بھارت کی جانب سے مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور آئے روز بھارتی فوج لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کرتی ہے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے جبکہ مملکت خداداد کا دفاع کرنے والے پاک فوج کے جوان بھی جام شہادت نوش کرتے ہیں۔

رواں ماہ ہی 3 نومبر کو بھی بھارتی فوج نے آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا، جس سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی تھی۔

Read Comments