امریکی ریاست کیلیفورنیا کے بار اور ڈانس کلب میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت12 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کرنے والا حملے آور بھی ہلاک ہوگیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ریاست کیلیفورنیا کے شہر تھاؤزینڈ اوکس میں اس وقت پیش آیا، جب وہاں طلبہ کی پارٹی جاری تھی کہ اس دوران ایک حملہ آور نے بار میں گھس کر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق باڈرلائن بار اینڈ گرل میں ہونے والی فائرنگ میں پولیس افسر سمیت 12 افراد جبکہ تقریباً 12 افراد زخمی ہوئے جبکہ پولیس کو مشتبہ حملہ آور کی لاش بھی ملی۔
وینٹرا کاؤنٹی پولیس کے سربراہ جیوف ڈین نے بار میں فائرنگ کے واقعے کو ’خوفناک‘ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’حملہ آور کا مقصد ابھی تک واضح نہیں ہوا لیکن یہ ایک خوفناک واقعہ تھا، ہر جگہ خون پھیلا ہوا تھا اور میں جائے وقوع کے زیادہ قریب جا کر تحقیقات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’تفتیش کاروں کو ابتدائی تفتیش کے دوران بار کے اندر کسی بھی قسم کی رائفل نہیں ملی ابھی تک جہاں تک ہماری معلومات ہیں حملے کے وقت ایک ہینڈ گن تھی، تاہم پوری عمارت کی تلاشی کے بعد صورتحال تبدیل ہوسکتی ہے‘۔