Dawn News Television

شائع 17 نومبر 2018 12:42am

ویٹ لفٹنگ دل کو مضبوط بنانے کے لیے فائدہ مند ورزش

وزن یا ویٹ لفٹنگ کرنے کی عادت دل کی صحت کے لیے جاگنگ یا چہل قدمی کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

گریناڈا کی سینٹ جارجز یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ اگرچہ ہر قسم کی ورزش امراض قلب میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم کرتی ہے مگر ویٹ لفٹنگ یا پریس اپس جاگنگ، چہل قدمی یا سائیکلنگ وغیرہ کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں : ہارٹ اٹیک سے بچاؤ کے 6 آسان طریقے

تحقیق میں بتایا گیا کہ اس طرح کی سخت ورزش خون کے گردشی نظام کو زیادہ بہتر کرتی ہے جس سے دل تک آکسیجن وافر مقدار تک پہنچتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ جسم مضبوط بنانے والی ورزشیں اور ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں دونوں دل کو صحت مند بناتی ہیں اور لوگوں کو کسی نہ کسی قسم کی ورزش کو اپنالینا چاہئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مگر ویٹ لفٹنگ دیگر کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ہے۔

اس تحقیق کے دوران محققین نے رضاکاروں میں امراض قلب کا باعث بننے والے عناصر جیسے ہائی بلڈ پریشر، موٹاپے، ذیابیطس اور ہائی کولیسٹرول کا جائزہ لیا اور لوگوں کی جسمانی سرگرمیوں سے اس پر مرتب ہونے والے مثبت اثرات کو دیکھا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو بالغ افراد ویٹ لفٹنگ یا سخت جسمانی سرگرمیوں کا حصہ بنیں، ان میں امراض قلب کے باعث بننے والے عناصر کا امکان 30 سے 70 فیصد تک کم ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں : امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والی حیران کن وجوہات

اس ورزش کا زیادہ فائدہ نوجوانوں کو درمیانی عمر میں خاص طور پر بہت زیادہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن کالج آف کارڈیالوجی لاطینی امریکا کانفرنس کے دوران پیش کیے گئے۔

اس سے قبل امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی سفارشات میں لوگوں پر زور دیا گیا تھا کہ ایک ہفتے میں ڈیڑھ سو منٹ کی جسمانی سرگرمیاں جیسے تیز چہل قدمی بھی دل کی صحت میں بہتری لاتی ہے۔

Read Comments