رجنی کانت کی چھوٹی بیٹی دوسری شادی کرنے کو تیار
بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھگوان کا درجہ رکھنے والے میگا اسٹار رجنی کانت یوں تو اپنی آنے والی فلم پوائنٹ ٹو زیرو اور سیاست کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
تاہم ان کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ ان کی چھوٹی بیٹی اور فلم ساز و اداکارہ 34 سالہ سندریا رجنی کانت جلد ہی دوسری شادی کرنے جا رہی ہیں۔
جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ گرافکس ڈیزائنر، فلم پروڈیوسر، ہدایت کار اور اداکارہ سندریا رجنی کانت طلاق کے ایک سال بعد ہی دوسری بار دلہن بننے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
اس سے زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اس بار کسی غیر شادی شدہ نہیں بلکہ طلاق یافتہ مرد اور تامل اداکار وشاگن واننگ مودی سے شادی کرنے جا رہی ہیں۔
انڈیا ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اگرچہ اپنی شادی کے حوالے سے جوڑے نے تاحال خود کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی، تاہم ان کے قریبی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ دونوں جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں۔