Dawn News Television

شائع 11 دسمبر 2018 03:58pm

ایم کیوایم جنوبی افریقہ نیٹ ورک کے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر اسلحہ کی بڑی کھیپ برآمد

پاکستان رینجرز سندھ نے خفیہ معلومات پر گرفتار 2 ملزمان کی نشاندہی پر عزیزآباد میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا۔

رینجرز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خفیہ معلومات پر نارتھ کراچی سیکٹر 10 میں آپریشن کے دوران متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) جنوبی افریقہ نیٹ ورک کے 2 ملزمان مستقیم اور مقیم کو گرفتار کیا۔

بعد ازاں ان گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کراچی کے ضلع وسطی میں عزیز آباد کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپہ مارا گیا، اس دوران وہاں چھپا گیا اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: رینجرز نے 9 افراد کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے مبینہ رکن کو گرفتار کرلیا

رینجرز کے مطابق یہ اسلحہ انتہائی مہارت سے مکان کے اندر چھپایا گیا تھا۔

مکان سے برآمد کیے گئے اسلحے میں 195 رائفل گرینیڈ، 98 عدد 40 ایم ایم گرینیڈ، 52 ہینڈ گرینیڈ، 13 ایلیومنیٹنگ گرینیڈ، 90 آوان بم، 11 راکٹ آر پی جی-7، 49 سیفٹی فیوز، 170 ڈیٹونیٹر، 17 کلو گرام پلاسٹک ایکسپلوزو، 2 آر پی جی-7، ایک 40 ایم ایم گرینیڈ لانچر، 2 ایم پی فائیو، 2 ایم جی، 5 ایل ایم جی، ایک ایچ ایم جی، 2 ڈریگانر اسنائپر، 4 ایس ایم جیز، ایک 222 بور رائفل، ایک پوائنٹ 22 بور رائفل، 6 عدد 7 ایم ایم رائفل، 2 جی-3 رائفل، 2 30 بور پستول، 4 انڈر بیرل ایس ایم جی گرینیڈ لانچرز، ایک این وی جی، ایک ای جی ایس 17، ایک ٹیلی اسکوپ سائیٹ، 13 اسپیئر بٹ اسٹاکس ایس ایم جیز، 107 مختلف اقسام کے میگزینز، 17ہزار 160 راؤنڈز ایس ایم جی، 100 راؤنڈز جی-3، 3 ہزار 7سو 70 راؤنڈز 222 بور رائفل، 332 7 راؤنڈز ایم ایم رائفل، 21 ہزار 8سو 20 راؤنڈز ایل ایم جی، 380 راؤنڈز 8 ایم ایم رائفل اور 10 ٹرپ فلیئر شامل ہیں۔

بیان کے مطابق گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں یہ انکشاف کیا کہ مارچ 2015 میں ایم کیو ایم کے مرکز 90 پر رینجرز کے چھاپے کے بعد وہ کراچی کے مختلف علاقوں میں روپوش ہوگئے تھے اور ایم کیو ایم جنوبی افریقہ نیٹ ورک کے ساتھ رابطے میں تھے۔

دوران تفتیش ملزم مستقیم نے انکشاف کیا کہ 1992 میں وہ بھارت فرار ہوکر جاوید لنگڑا کے ساتھ رہائش پذیر رہا، بعد ازاں 1993 میں وہ پاکستان واپس آگیا اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں امیدواروں کی ٹارگٹ کلنگ کا منصوبہ بنانے والے ملزمان گرفتار

اس کے علاوہ ملزم مستقیم ایم کیو ایم ساؤتھ افریقہ کے شجاع الدین عرف بوبی کے ساتھ بھی رابطے میں تھا جبکہ دونوں ملزمان کو مختلف سیاسی رہنماؤں کی ریکی اور ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ بھی دیا گیا تھا اور ملزمان اسی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

رینجرز بیان کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر برآمد ہونے والا اسلحہ و گولہ بارود کی مقدار اتنی زیادہ ہے، جسے استعمال کرکے قانون نافد کرنے والے اداروں کے ساتھ ایک لمبی لڑائی جاری رکھی جاسکتی تھی۔

علاوہ ازیں کامیاب آپریشن کی تکمیل پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے برآمد اسلحے کا معائنہ کیا اور اس آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو مبارک باد دی۔

Read Comments