’میں نے اپنا سب کچھ دے دیا اور بدلے میں مجھے کیا ملا‘
بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ ہر گزرتے سال کے ساتھ بولی وڈ کی نامور گلوکارہ بنتی جارہی ہیں، جن کے ایک کے بعد ایک سامنے آئے گانے نہایت مقبول ہورہے ہیں۔
اس کے علاوہ گلوکارہ آج کل اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بھی خبروں میں ان ہیں۔
نیہا ککڑ کا بولی وڈ اداکار ہیمانشو کوہلی کے ساتھ 2014 سے افیئر تھا اور ان دونوں کی جوڑی مداحوں میں بھی کافی مقبول تھی، تاہم چند روز قبل ان دونوں کا بریک اپ ہوگیا، جس کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
نیہا ککڑ اور ہیمانشو کوہلی ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کئی نامور شوز کے دوران دنیا کے سامنے کرچکے ہیں، جبکہ ان دونوں کے سوشل میڈیا اکنٹس پر بھی ایک دوسرے کے لیے کئی رومانوی پوسٹ شیئر کی جاتی رہی ہیں۔
تاہم اب کئی روز سے بریک اپ کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گلوکارہ نے اس معاملے پر خاموشی توڑ دی۔
نیہا ککڑ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چند اسٹوریز شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنے بریک اپ کی خبر کی تصدیق بھی کی۔
ان اسٹوریز میں گلوکارہ نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب چند لوگ ایسی باتیں میرے بارے میں کہیں گے جو میں نے کی بھی نہیں، لیکن کوئی بات نہیں، مجھے عادت ہوگئی ہے سب سننے کی سب سہنے کی‘۔