Dawn News Television

شائع 21 دسمبر 2018 09:27pm

فیس بک واٹس ایپ کے لیے ڈیجیٹل کرنسی تیار کرنے میں مصروف

فیس بک نے رواں سال کے شروع میں کرپٹو کرنسی اشتہارات پر پابندی عائد کی تھی مگر یہ سوشل نیٹ ورک خود ڈیجیٹل کرنسی استعمال کرنے کے لیے تیار نظر آتا ہے۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک کی جانب سے ایک ڈیجیٹل کرنسی تیار کی جارہی ہے جو کہ واٹس ایپ صارفین رقوم کی منتقلی کے لیے استعمال کرسکیں گے۔

اس کرینسی کو اسٹیبل کوائن کا نام دیا جارہا ہے اور اسے امریکی ڈالر سے منسلک کیا جائے گا جو اسے بٹ کوائن جیسی دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں زیادہ مستحکم بنانے میں مدد دے گا۔

مزید پڑھیں : واٹس ایپ کے ذریعے آن لائن رقوم کی ترسیل اب ممکن

رپورٹ کے مطابق یہ کرنسی سب سے پہلے بھارت میں متعارف کرائی جاسکتی ہے جہاں واٹس ایپ کا منی ٹرانسفر فیچر کا ٹیسٹ کافی عرصے سے چل رہا ہے۔

واٹس ایپ کے بھارت میں 20 کروڑ سے زائد صارفین ہیں اور بھارتی شہریوں نے 2017 میں 69 ارب ڈالرز بیرون ملک سے اپنے ملک بھیجے تھے۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ فیس بک کی جانب سے اس طرح کے کسی منصوبے پر کام کیا جارہا ہو۔

اس کمپنی نے رواں سال مئی میں میسنجر ایپ کے سابق سربراہ ڈیوڈ مارکوس کو بلاک چین ڈویژن کی سربراہی دی تھی جن کی ٹیم اس طرح کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ کی 17 بہترین ٹرکس

اس وقت یہ ٹیم اسٹیبل کوائن کی حکمت عملی اور اس کے اثاثوں پر کام کررہی ہے جو کہ کرنسی کی ویلیو کو تحفظ فراہم کریں گے۔

یہ کرنسی ممکنہ طور پر کچھ عرصے تک متعارف ہونے کا امکان نہیں مگر فیس بک نے فی الحال اس حوالے سے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

Read Comments