Dawn News Television

شائع 22 دسمبر 2018 07:10pm

60 ہزار شہد کی مکھیاں چہرے پر بٹھانے والا نوجوان

ایک شہد کی مکھی کو کوئی بھی اپنے چہرے پر بیٹھنے کی اجازت دینے سے گھبراتا ہے مگر ایک نوجوان کے لیے تو ہزاروں کی تعداد بھی کوئی معنی نہیں رکھتی۔

جی ہاں بیشتر افراد شہد کی مکھیوں کے ڈنک سے ہر قیمت پر دور رہنا پسند کرتے ہیں اور اگر قریب بھی نظر آئے تو اسے بھگانے کی کوشش شروع کردیتے ہیں۔

مگر کچھ لوگ ہوتے ہیں جو ان مکھیوں کو دیکھ کر مسحور ہوجاتے ہیں جن میں سے ایک 22 سالہ نوجوان نیچر بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں : 2018 کے 12 دلچسپ گنیز ورلڈ ریکارڈز

جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے 4 گھنٹے 10 منٹ تک اپنے چہرے پر 60 ہزار شہد کی مکھیوں کو بٹھا کر نیا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔

اس نوجوان نے 18 اکتوبر کو ریکارڈ بنانے کے لیے ان مکھیوں کو چہرے پر سجایا درحقیقت اس کا منہ غائب ہوگیا۔

جب ریکارڈ قائم ہوگیا تو نوجوان کے ساتھیوں نے مکھیوں کو دور بھگادیا۔

اس نوجوان کو اس کے والد نے 7 سال کی عمر میں شہد کی مکھیوں کے ایک فارم کی سیر کرائی تھی اور وہ ان کی محبت میں گرفتار ہوگیا۔

نوجوان کے مطابق ' بچپن سے میں شہد کی مکھیوں کے فارم میں اپنے والد کے ساتھ جاتا رہا ہوں اور ایک انہوں نے مجھے کہا کہ مکھیوں کو اپنے ہاتھ پر رکھو، اس کے بعد میری دلچسپی ان کیڑوں میں بڑھتی چلی گئی، ایک ماہ بعد انہوں نے مجھ سے کہا کیا میں ایک مکھی چہرے پر بٹھا سکتا ہوں اور پھر یہ سفر شروع ہوگیا'۔

اس ریکارڈ کو حال ہی میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بنادیا گیا ہے۔

Read Comments