Dawn News Television

شائع 04 جنوری 2019 10:54pm

'مبارک ہو آپ سب میری زندگی کے بدترین دن دینے میں کامیاب ہوگئے'

بولی وڈ گلوکارہ نیہا ککڑ گزشتہ ماہ اداکار ہمانشو کوہلی سے بریک اپ کی وجہ سے شہ سرخیوں کی زد میں رہیں۔

دونوں نے پہلے عوامی سطح پر اپنی محبت کا اظہار کیا اور جب لوگوں کو لگا کہ وہ ایک دوسرے کی زندگی سے ہمیشہ کے لیے جڑنے والے ہیں تو ان کے بریک اپ کی افواہیں انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں۔

جس کے بعد گلوکارہ نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے اس کی تصدیق بھی کی۔

مزید پڑھیں : ’میں نے اپنا سب کچھ دے دیا اور بدلے میں مجھے کیا ملا‘

مگر اس بریک اپ نے گلوکارہ کو ذہنی طور پر بہت زیادہ متاثر کیا ہے اور وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی ہیں۔

انسٹاگرام پر اپنے اکاﺅنٹ میں نیہا ککڑ نے اسٹوریز میں اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ ڈپریشن کا شکار ہیں۔

انہوں نے لکھا 'ہاں میں ڈپریشن کا شکار ہوں، اس کے لیے دنیا میں موجود تمام منفی لوگوں کا شکریہ، مبارک ہو آپ سب مجھے میری زندگی کے بدترین دن دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں'۔

انہوں نے مزید لکھا ' میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ یہ صرف ایک یا دو لوگوں کی وجہ سے نہیں، یہ سب دنیا کی وجہ سے ہوا۔ وہ لوگ جنہوں نے مجھے میری ذاتی زندگی جینے نہیں دی۔ میں ان سب کی شکرگزار ہوں جو میرے کام یا مجھ سے محبت کرتے ہیں، مگر وہ لوگ جو میرے بارے میں جانے بغیر بکواس کرتے ہیں جن کے باعث میں سخت دور سے گزر رہی ہوں، میں ان سے التجا کرتی ہوں مجھے ہنسی خوشی جینے دیں، میں التجا کرتی ہوں میری ذات کے بارے میں فیصلہ نہ کریں، مجھے جینے دیں'۔

فوٹو بشکریہ نیہا ککڑ انسٹاگرام پیج

خیال رہے کہ نیہا ککڑ کا بولی وڈ اداکار ہیمانشو کوہلی کے ساتھ 2014 سے افیئر تھا اور ان دونوں کی جوڑی مداحوں میں بھی کافی مقبول تھی، تاہم چند روز قبل ان دونوں کا بریک اپ ہوگیا تھا۔

نیہا ککڑ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر چند اسٹوریز شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنے بریک اپ کی خبر کی تصدیق بھی کی۔

ان اسٹوریز میں گلوکارہ نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب چند لوگ ایسی باتیں میرے بارے میں کہیں گے جو میں نے کی بھی نہیں، لیکن کوئی بات نہیں، مجھے عادت ہوگئی ہے سب سننے کی سب سہنے کی‘۔

گلوکارہ نے مزید لکھا کہ ’مجھے نہیں پتا تھا اس دنیا میں اتنے برے لوگ بھی ہوتے ہیں، سب کھو کر ہوش میں اب آئے تو کیا کیا، میں نے اپنا سب کچھ دے دیا اور مجھے بدلے میں کیا ملا، بتا بھی نہیں سکتی کیا ملا‘۔

30 سالہ نیہا ککڑ کا کہنا تھا کہ ’ہم سلیبریٹیز کے دو چہرے ہوتے ہیں، ایک پرسنل ایک پروفیشنل، ذاتی زندگی جتنی بھی خراب چل رہی ہو، پروفیشنل زندگی میں آپ ہمیسہ مسکراتے دیکھیں گے‘۔

نیہا کے کیریئر کے حوالے سے بات کریں تو گلوکارہ نے 2006 میں بھارتی میوزک شو انڈین ائڈل کے دوسرے سیزن میں حصہ لیا تھا، تاہم آج وہ اس ہی شو کی جج ہیں۔

2008 میں نیہا نے اپنا پہلا میوزک البم ’نیہا دی راک اسٹار‘ لانچ کیا تھا۔

نیہا کئی بولی وڈ فلموں میں گانے گا چکی ہیں، جن میں ’سنی سنی‘، ’کالا چشمہ‘، ’دلبر‘ شامل ہیں۔

Read Comments