Dawn News Television

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2019 08:49am

سعودی گورنر کی پاکستان کی اعلیٰ سیاسی، عسکری قیادت سے ملاقاتیں

سعودی عرب کے صوبے تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز نے پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر تبوک نے صدر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں صدر نے اس بات پر زور دیا کہ قیادت کی سطح پر حالیہ ملاقاتوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

انہوں نے تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو تیز کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے بدستور پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی تارکین وطن سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں گرانقدر خدمات انجام دے رہے ہیں، پاکستانی برادری وژن 2030 منصوبوں میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اس موقع پر شہزادہ فہد بن سلطان نے کہا کہ سعودی عرب کے عوام اور حکومت پاکستان کی حکومت اور عوام کا بہت احترام کرتے ہیں۔

وزیر اعظم سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا — فوٹو: پی آئی ڈی

انہوں نے کہا کہ مضبوط برادرانہ تعلقات کی بنیادی وجہ عوامی سطح پر قریبی روابط اور پاکستانی برادری کی سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی میں خدمات اور کردار ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر دفاع پرویز خٹک، سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی ملاقات میں موجود تھیں۔

گورنر تبوک نے جی ایچ کیو کا دورہ بھی کیا اور آرمی چیف سے ملاقات کی — فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گورنر تبوک کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول علاقائی سلامتی کے امور زیر غور آئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کو گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

Read Comments