Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2019 04:57pm

کراچی: فائیو اسٹار ہوٹل کے خودکار دروازے میں سر پھنسنے سے ایک شخص جاں بحق

کراچی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں خودکار دروازے میں سر پھنس جانے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

اس حوالے سے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) صدر عبداللہ احمد نے ڈان کو بتایا کہ 28 سالہ سراج الدین کا سر خود کاردروازے میں پھنس جانے سے موت واقع ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مقتول مووِن پک ہوٹل کے داخلی دروازے سے جلد بازی میں گررنے کی کوشش کررہا تھا کہ سر پھنس گیا‘۔

جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ ’سراج الدین کو زخمی حالت میں اسپتال لیا گیا جہاں وہ دوران طبی امداد جاں بحق ہوا‘۔

انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شخص کے چہرے اور سر پر گہری چوٹیں آئیں تھی۔

پولیس کے مطابق مقتول فائیو اسٹار ہوٹلوں میں برف کی سپلائی کرتا تھا اور بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق تھا۔

ایس ایس پی ساوتھ محمد شاہ نے ڈان کو بتایا کہ تاحال کوئی شخص ایف آئی آر درج کرانے کے لیے نہیں آیا۔

دوسری جانب ایس پی پولیس نے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرنے کی ہدایت کردی۔

اسپتال انتظامیہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

اس حوالے سے ایگزیکٹو اسسٹنٹ منیجر نے ڈان کو بتایا کہ ’یہ افسوس ناک دن ہے، مقتول گزشتہ کئی برس سے ہوٹل میں برف فراہم کررہا تھا‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’خودکار دروازے میں کوئی تکنیکی خرابی نہیں تھی تاہم یہ خالصتاً ایک حادثہ ہے، مقتول اس وقت دروازے سے گزرنے کی کوشش کی جب وہ بند ہو رہا تھا‘۔

اس حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹل انتظامیہ تحقیقات کے لیے پولیس کی بھرپور مدد کررہی ہے۔

Read Comments