Dawn News Television

شائع 21 جنوری 2019 11:28am

امیتابھ بچن کی نواسی کو بولی وڈ سے دور رکھنا والدہ کی خود غرضی

جہاں اس وقت بولی وڈ کے کئی اسٹار کڈز اپنے والدین کی مدد سے ہندی سینما انڈسٹری میں فلموں کے ساتھ ڈیبیو کررہے ہیں وہیں بولی وڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کی نواسی نویا نویلی نندا نے خود کو اس انڈسٹری سے دور رکھا ہوا ہے۔

امیتابھ بچن کی نواسی نویا نویلی نند سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہے، اس کی تصاویر اور ویڈیوز اموماً سامنے آتے ہی وائرل ہوجاتی ہیں۔

تاہم نویا نے اب تک خود کو کسی فلم سے منسلک نہیں کیا، جس کی ایک وجہ اس کی والدہ شویتا بچن نندا ہیں۔

کافی ود کرن شو میں شویتا بچن نندا نے انکشاف کیا کہ ان کی بیٹی نویا ان ہی کی وجہ سے بولی وڈ سے دور رہی۔

خیال رہے کہ بچن خاندان میں امیتابھ بچن، جیا بچن، ان کے بیٹے ابھیشیک بچن اور بہو ایشوریا رائے بچن سب ہی کا تعلق اداکاری سے رہا ہے۔

جہاں جھانوی کپور، سارہ علی خان اور اننیا پانڈے جیسے اسٹار کڈز بولی وڈ میں ڈیبیو کررہے ہیں وہیں شویتا بچن نندا نے شو پر بتایا کہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی اداکار بنے۔

شویتا نے شو پر بتایا کہ ان کی فکر کی وجہ سے نویا شوبز انڈسٹری کو منفی انداز سے دیکھنے لگی اور یہی وجہ ہے کہ اس نے کبھی ڈیبیو کرنے کے حوالے سے نہیں سوچا۔

شویتا کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ میں نے خود غرضی سے سوچا، لیکن میں نے دیکھا ہے اپنے بھائی کا سوشل میڈیا پر مذاق بنتے ہوئے، میں نے دیکھا ہے کہ جب والد، والدہ یا بھائی کی فلمیں ہٹ نہیں ہوتی تو ان کا کیا حال ہوتا ہے، راتوں کی نیندیں اڑتے دیکھا ہے میں نے، میں نہیں چاہتی تھی کہ میرے خاندان کا ایک اور فرد اس انڈسٹری کا حصہ بنے‘۔

اس کے علاوہ شویتا بچن نے بولی وڈ میں اقرباء پروری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بھی کہا کہ نویا کا بولی وڈ کا حصہ نہ بننے کی ایک وجہ اقرباء پروری بھی ہے۔

شویتا کا ماننا ہے کہ ان کی بیٹی کا ایک نامور خاندان سے تعلق ان کے بولی وڈ میں داخلے کی وجہ نہیں بن سکتا، اگر نویا میں ٹیلنٹ ہوتا تو وہ ضرور فلموں کا حصہ بنتی۔

Read Comments