Dawn News Television

شائع 01 فروری 2019 02:39pm

پاکستان ویمنز ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں شکست

ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو دوسرے ٹی20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ٹائی ہونے پر سپر اوور میں شکست دے دی۔

کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے بلے بازوں کی بہتر کارکردگی کی بدولت مقررہ اوور میں 4 وکٹوں پر 132 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

کپتان بسمہ 31رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہیں جبکہ جویریہ خان نے26، نڈا ڈار نے 25 اور عالیہ ریاض نے 23 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں ابتدائی بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی 132 رنز ہی بنا سکی۔

ایک موقع پر ویسٹ انڈیز نے دو وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنائے تھے اور انہیں فتح کے لیے 27گیندوں پر 36 رنز درکار تھے لیکن اختتامی اوورز میں پاکستانی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے سبب وہ محض میچ ٹائی کر سکیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شمین کیمبل 41، کیسیا نائٹ 32 اور دیندرا ڈوٹن 22 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔

مقابلہ برابر رہنے پر فیصلہ سپر اوور میں کرنے کا فیصلہ ہوا لیکن اس میں ڈوٹن نے تجربہ کار ثنا میر کے خلاف جارحانہ انداز اپنا کر میچ میں اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنا دی۔

انہوں نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 18 رنز بنائے اور پاکستان کو فتح کے لیے 19رنز کا ہدف ملا۔

جواب میں پاکستان ابتدائی تین گیندوں پر ہی عالیہ ریاض اور ندا ڈار کی وکٹیں گنوا بیٹھا اور ویسٹ انڈیز نے میچ میں 17 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

Read Comments