Dawn News Television

اپ ڈیٹ 11 فروری 2019 02:41pm

’روپے کی قدر میں کمی کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے‘

وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے معیشت سے متعلق فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

اسلام آباد میں سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ماہ جنوری میں تجارتی خسارے میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’رواں مالی سال بر آمدات میں اضافہ اور در آمدات میں کمی سامنے آئے گی‘۔

مزید پڑھیں: مالی خسارہ دور کرنے کے لیے منی بجٹ کے مجوزہ اقدامات ناکافی قرار

انہوں نے بتایا کہ مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں بر آمدات میں 4 فیصد اضافہ ہوا جبکہ در آمدات میں 7 فیصد کمی واقع ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ روپے کی قدر میں پیش آنے والی کمی سے آئندہ 5 ماہ میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

مشیر تجارت نے بتایا کہ تمام غیر ضروری اشیاء کی در آمدات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بتایا جائے کہ حکومت خسارہ کیسے پورا کرے گی، اپوزیشن

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’اگر بر آمدات میں اضافے کی یہی رفتار رہی تو ہم معیشت کے حوالے سے جلد اپنے اہداف حاصل کرلیں گے‘۔

اس موقع پر سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگا نے بتایا کہ غذائی اشیا اور ٹیکسٹائل کی بر آمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور گزشتہ 3 سے 4 ماہ میں برآمدات میں 2 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنوری میں تجارتی خسارے میں کمی آئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔

Read Comments